کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)پاکستان نظریاتی پارٹی کے چیئرمین شہیر حیدر سیالوی نے کہا ہے کہ کرپشن اور سفارش کلچر نے حقدار نوجوانوں کو ان کے حق سے محروم کرکے ان میں مایوسی پھیلائی ہے ، اقتدار میں آنے والے حکمرانوں اور جماعتوں نے نوجوانوں کے لئے کچھ نہیں کیا ۔یہ بات انہوں نے ہفتہ کو کوئٹہ پریس کلب میں دیگر عہدیداروں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی ۔انہوں نے کہا کہ پوری دنیا اسرائیل کو تسلیم کرلے پاکستان تسلیم نہیں کرے گا ،اقوام متحدہ نے کبھی ہمارا کوئی مسئلہ حل نہیں کیا اور نہ ہی کرے گا، فلسطین کے نوجوانوں کے قتل عام پر پوری دنیا کی خاموشی باعث تشویش ہے، ہمیں اسلامی ممالک کو گلے لگانا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ملک میں ہر دور میں اقتدار میں آنے والی سیاسی جماعتوں اور ان کے رہنمائوں سمیت بلوچستان کے سیاستدانوں نے بھی اقتدار میں رہتے ہوئے بلوچستان کی ترقی کےلئے کوئی کردار ادا نہیں کیا حالانکہ بلوچستان کے نوجوانوں میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں صرف انہیں سہولیات اور مواقع فراہم کرنے کی ضرورت ہے ،بلوچستان میں دیگر شعبوں کی طرح کھیلوں کے شعبے میں کوئی خاطر خواہ اقدامات نہیں اٹھائے گئے جبکہ بلوچستان میں 270 رجسٹرڈ فٹبال کلب ہیں ،لیاری کی گلیوں میں کھیلنے والے نوجوان اپنی صلاحیتوں کے بل بوتے پر ورلڈ کپ فٹبال ٹورنامنٹ تک پہنچ جاتے ہیں تو بلوچستان کے نوجوان کیوں نہیں جاسکتے ،صوبے کے نوجوانوں کو صوبے کے وسائل ، ترقیاتی فنڈز ، ملازمتوں کے حصول سے محروم رکھ کر ان کو ان کے حق سے محروم رکھا جاتا ہے حالانکہ بلوچستان کو قدرت نے قدرتی وسائل سے نواز رکھا ہے اگر انہیں صحیح معنوں میں استعمال میں لاکر نوجوانوں کے مستقبل کو سنوارا جائے تو کوئی وجہ نہیں کہ نوجوانوں میں پائی جانے والی بے چینی کا خاتمہ نہ ہو۔