• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نوجوان حکومت سے نوکری کی بھیک مانگنا بند، کاروبار کے مالک بنیں، ایم کیو ایم پاکستان کا یوتھ کنونشن

کراچی (اسٹاف رپورٹر) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے تحت ایکسپو سینٹرکراچی میں یوتھ کنو نشن سے خطاب کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ نوجوان حکومت سے نوکری کی بھیک مانگنا بند کریں اور اپنے کاروبار کے مالک بنیں اور حکومت کو اپنا نوکر بنائیں ۔ چیئرمین ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ہماری کوششوں سے کراچی میں 13نئی جامعات بننے والی ہیں ، یہ شہر چلا پڑا تو پورا پاکستان چلے گا۔ سینئر رہنما سید مصطفیٰ کمال نے کہا کہ نوجوان لیڈر سب کچھ ہوسکتا ہے بدکردار نہیں ہوسکتا ۔ سینئر رہنما فاروق ستار نے کہا کہ ہمیں آج یہ عہد کرنا ہے کہ ہمیں آصف زرداری،شہباز شریف،فارق ستار،نعیم الرحمٰن نہیں بلکہ بل گیٹس ایلون مسک پیدا کرنے ہیں جو اس ملک میں حقیقی تبدیلی لاسکیں۔ تفصیلات کے مطابق کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے مزید کہا کہ موجودہ حالات میں اس طرح کے پروگرام کی اشد ضرورت تھی آج پاکستان اپنے وقت کے بدترین دور سے گزر رہا ہے اگر کوئی امید باقی ہے تو بس یہ کہ پاکستان میں اکثریتی آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے پاکستان کو بنانے کا کام ہمارے اجداد نے کیا سنبھالنے کا کام ہم کر چکے چلانے کا کام اب نوجوانوں نے کرنا ہے ۔ ایم کیو ایم پاکستان کی کوششوں سے کراچی میں 13 نئی جامعات بننے والی ہیں جو یہاں کے نوجوانوں کو جدید خطوط پر استوار کرکے اس مسابقتی دنیا میں چلنے کا ہنرسکھائیں گی اور معاشرے کے لیے مفید بنانے میں اپنا کردار ادا کریں گی ہمیں انفارمیشن ٹیکنالوجی کی اس ریس کی دوڑ میں شامل ہونا ہے ۔ سینئر رہنما سید مصطفیٰ کمال نے کہا کہ اللہ نے انسان کو اپنے لیڈر کو پہنچاننے کا ہنر دیاہے آج معاشرے میں اتنا جھوٹ ہے کہ اس میں صحیح لیڈر کو پہچانا مشکل ہے یہ یاد رکھنا نوجوانوں لیڈر سب کچھ ہو سکتا ہے لیکن بد کردار نہیں ہو سکتا ، پاپولرٹی کردار کی سند نہیں ہے لاکھوں کے اس مجمع نے ثابت کر دیا کہ کراچی آج بھی اس ملک کو چلانے اور سنبھالنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ سید مصطفی کمال نے کہا کہ چالیس ملکوں کے عالمی مقابلے میں پاکستان کراچی کے 4نوجوان گولڈ میڈل جیت کر آئے ہیں انہیں ایم کیو ایم پاکستان آج خراج تحسین کرتی ہے ، کنیکٹ ایم کیو ایم کے یو آر ایل لنک کے ذریعے روزانہ ہزاروں روپے کما سکتے ہیں کم سے کم انویسٹ منٹ کر کے، آپ کنیکٹ ایم کیو ایم کے یو آر ایل کو کھولیں وہاں 100؍ کاروبار کرنے کے آئیڈیاز ملیں گے اور وہاں انگریزی کے ساتھ ساتھ اردو میں بھی تمام معلومات موجود ہیں، بس آپ اپنا اکاؤنٹ رجسٹرڈ کرکے اور اپنے خود کے کاروبار کے مالک بنیں اور حکومت سے نوکری کی امید چھوڑیں بلکہ اپنے خود کے کاروبار کے مالک بنیں اور حکومت کو اپنا نوکر بنائیں ۔ ڈاکٹر فارق ستار نے کہا کہ اس پنڈال میں ہر زبان بولنے والا نوجوان بلا رنگ نسل کی تفریق کے یہاں موجود ہے ایم کیو ایم کے یوتھ کنونشن میں ہر نوجوان ایک عہد اور عزم کے ساتھ آیا ہے تاکہ پاکستان اپنے اصل کی جانب لوٹ سکے ہمیں آج یہ عہد کرنا ہے کہ ہمیں آصف زرداری،شہباز شریف،فارق ستار،نعیم الرحمان، پیدا نہیں بلکہ بل گیٹس ایلون مسک پیدا کرنے ہیں جو اس ملک میں حقیقی تبدیلی لا سکیں اور ملک کو اس راہ پر گامزن کر سکیں جس کیلئے یہ ملک وجود میں آیا تھا اور یہ اسی وقت ہوسکتا ہے کہ جب نوجوان اپنا کردار ادا کرینگے۔کنونشن کے اختتام میں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات میں گولڈ میڈل اور انعمات بھی تقسیم کئے گئے۔اس موقع پر اے پی ایم ایس او، متحدہ یوتھ فورم،سی او سی،ایم کیو ایم کے مختلف شعبہ جات کے ذمہ داران اور شعبہ خواتین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

اہم خبریں سے مزید