• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈارون، بنگلہ دیش اے کی دلچسپ مقابلے کے بعد پاکستان شاہینز کو 5 رنز سے شکست

کراچی(اسٹاف رپورٹر) بنگلہ دیش اے نے پاکستان شاہینز کو دوسرے چار روزہ کرکٹ میچ میں دلچسپ مقابلے کے بعد 5رنز سے شکست دے دی۔آسٹریلیا کے شہر ڈارون میں پاکستان شاہینز کو جیتنے کے لیے296رنز کا ہدف ملا تھا لیکن میچ کے آخری دن پوری ٹیم290رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ فاسٹ بولرز محمد علی اور خرم شہزاد کی آٹھویں وکٹ کی شراکت نے جیت کی امید پیدا کردی تھی لیکن دونوں کے آؤٹ ہوتے ہی صورتحال بدل گئی اور بنگلہ دیش اے نے آخری تین وکٹیں حاصل کرکے ڈرامائی کامیابی حاصل کرلی۔یاد رہے کہ پاکستان شاہینز نے بنگلہ دیش اے کو پہلے چار روزہ میچ میں 148 رنز سے شکست دی تھی۔پاکستان شاہینز نے اپنی دوسری اننگز 136 رنز 4 کھلاڑی آؤٹ پر شروع کی تو اسے جیت کے لیے مزید 160رنز درکار تھے اور اس کی چھ وکٹیں باقی تھیں ۔ حسیب اللہ گزشتہ روز کے اسکور44میں صرف7رنز کا اضافہ کرکے 51رنز پر آؤٹ ہوگئے۔ طیب طاہر اور عمیر بن یوسف نے چھٹی وکٹ کی شراکت میں65رنز کا اضافہ کیا لیکن دونوں بیٹرز نصف سنچری بنائے بغیر آؤٹ ہوگئے۔ عمیر بن یوسف نے چار چوکوں کی مدد سے 45 اور طیب طاہر نے تین چوکوں کی مدد سے43رنز اسکور کیے۔جب پاکستان شاہینز کی ساتویں وکٹ گری تو اسکور 230 رنز تھا اس موقع پر محمد علی اور خرم شہزاد نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے آٹھویں وکٹ کی شراکت میں 57رنز بناڈالے تاہم یہ دونوں یکے بعد دیگرے آؤٹ ہوگئے۔ محمد علی نے چار چوکوں کی مدد سے 21 رنز اسکور کیے۔ خرم شہزاد نے ایک چھکے اور تین چوکوں کی مدد سے 28 رنز کی اننگز کھیلی ۔ان دونوں کو محمود الحسن جوئے نے آؤٹ کیا۔آخری کھلاڑی فیصل اکرم کو مراد نے ایک رن پر بولڈ کردیا۔ محمود الحسن نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 21 رنز دے کر5 وکٹیں حاصل کیں۔ رجاء الرحمن راجہ نے 3 کھلاڑی آؤٹ کیے۔

اسپورٹس سے مزید