کراچی(اسٹاف رپورٹر)کولمبو میں انٹر نیشنل کرکٹ کونسل نے اگلے سال کے شروع میں پاکستان میں چیمپئنز ٹرافی کے انعقاد کے لیے تقریباً 70 ملین امریکی ڈالرز کے بجٹ کی منظوری دے دی ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق آئی سی سی کے قریبی ذرائع نے جمعرات کو بتایا کہ کرکٹ کی عالمی تنظیم کی مالیاتی اور تجارتی کمیٹی، جس کی سربراہی بی سی سی آئی کے سیکرٹری جے شاہ کر رہے ہیںنے اس بجٹ کی جانچ پڑتال اور منظوری دی ہے جو پاکستان کرکٹ بورڈ اور آئی سی سی کے محکمہ خزانہ نے مشترکہ طور پر تیار اور پیش کیا تھاجوتقریباً بجٹ 70 ملین امریکی ڈالرز کے لگ بھگ ہے اور اضافی اخراجات کے لئے 4.5 ملین امریکی ڈالر زمختص کیے گئے ہیں۔آئی سی سی کی آخری میٹنگ میں کل بجٹ اور اضافی اخراجات کی منظوری نے قیاس آرائیاں پیدا کیں کہ بھارت کے اپنی ٹیم پاکستان بھیجنے سے انکار کی صورت میں بیک اپ فنڈز رکھے گئے ہیں اور کچھ میچ دوسرے مقامات پر کھیلے جانے ہیں۔ذرائع نے کہا کہ خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ 4.5 ملین امریکی ڈالر کی اضافی رقم پاکستان سے چلنے والے میچوں کو پورا کرنے کے مجموعی بجٹ کے مقابلے میں بہت کم ہے۔جے شاہ، جو ایشین کرکٹ کونسل کے سربراہ بھی ہیں، اس وقت بھی صدارت میں تھے جب علاقائی باڈی نے حال ہی میں 2025 میں ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ کا ایشیا کپ بھارت کو اور 2027 میں بنگلہ دیش کو 50 اوور کے فارمیٹ کا ایشیا کپ دینے کا فیصلہ کیا تھا۔ذرائع نے بتایا کہ اگلے سال ہونے والے ایشیا کپ کے عارضی فارمیٹ کے مطابق دوبارہ بھارت اور پاکستان ایک ہی گروپ میں ہیں اور ممکنہ طور پر ٹورنامنٹ کے سپر فور مرحلے میں دوسری بار کھیل سکتے ہیں۔ اگر روایتی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیتے ہیں تو تیسرا میچ ہو سکتا ہے۔