کراچی(اسٹاف رپورٹر) گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری نے گورنرہاؤس میں پودا لگا کر شجر کاری مہم کا آغاز کردیا۔تقریب میں مختلف ممالک کے قونصل جنرل،جامعات کے وائس چانسلر ز ،صنعت کار ، ڈاکٹر ، شوبز سے تعلق رکھنے والے افراد سمیت دیگر بھی موجود تھے۔تقریب میں متحدہ عرب امارات کے قونصل جنرل نے گورنرہاؤس کے لئے 100درخت دینے کا اعلان کیا۔ تقریب میں گورنرہاؤس اور ایف جی آر ایف اور یونٹی فوڈ لمیٹڈ کے درمیان الگ الگ ایم او یوز پر دستخط بھی ہوئے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنرسندھ نے کہا کہ صوبہ میں شجر کاری مہم کا آغاز گورنرہاؤس سے کردیا ہے، سر سبز و شادا ب پاکستان کے لئے ہر ایک کو اپنا حصہ ڈالنا ہوگا،کیونکہ اس وقت گلوبل وارمنگ ایک عالمی خطرہ بن چکا ہے،شجر کاری مہم سے ان خطرات کو کافی حد تک کم کر سکتے ہیں ،اس ضمن میں شجر کاری مہم میں طالب علموں کو بھی شامل کرنا ہوگا،ہماری تھوڑی سی کاوش ہمیں بڑے خطرات سے محفوظ بنا سکتی ہے،مجھے امید ہے کہ شجر کاری مہم کو بھرپور انداز سے جاری رکھا جائے گا۔ گورنرسندھ نے جشن آزادی شایان شان طریقہ سے منانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ یوم آزادی گورنر ہاؤس میں بڑی دھوم دھام سے منائیں گے۔