• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’’دو لفظوں کی ہے دل کی کہانی یا ہے محبت یا ہے جوانی‘‘، کشتی پر سیر، رانا ثنا کی گھبراہٹ بیگم پراعتماد، مخالفین کو کڑھنے، جلنے سڑنے سے باز رہنے کا مشورہ، اخراجات اپنی جیب سے ادا کئے، رانا ثنا

اسلام آباد (محمد صالح ظافر) وزیراعظم کے مشیربرائے سیاسی اموررانا ثناء اللہ خان کی اپنی اہلیہ نبیلہ ثناء اللہ کے ساتھ کشتی میں دریا کی سیر جس میں دونوں نے ہیٹ پہنے ہیں۔

 وڈیو سامنے آتے ہی دلچسپ تبصروں کا پھاٹک کھل گیا ہے یہ وڈیو جیو اور سوشل پلیٹ فارمز پر دیکھنے کے بعد شہریوں نے ادھیڑ عمر جوڑے کو کھل کر داد دی ہے کہ وہ صحیح معنوںمیں اس موقع کا لطف اٹھارہے ہیں۔

وڈیو میں رانا ثناء اللہ کی اہلیہ خود اعتمادی اور مناظر سے محظوظ ہورہی ہیں جبکہ ان کے شوہر کسی سوچ کے اسیر اور قدرے گھبرائے دکھائی دے رہے ہیں۔ 

رانا ثناء اللہ کی وڈیو سامنے آتے ہی ان کے خیر خواہوں اور نقادوںنے رنگا رنگ تبصروں کا انبار لگادیا ہے‘ ان میں دریافت کیا جارہا ہے کہ کیا پیرس اولمپک کے مہمانوں میں وہ بھی شامل ہیں یا اپنی جیب پر بوجھ ڈال کر خوشبوئوں کے لئے شہرت رکھنے والے عروس البلاد میں خوشیاں سمیٹ رہے ہیں۔


 رانا ثناء پر نکتہ چینی کرنے والوں کی بھی کمی نہیں‘ ان میں سے ایک کا کہنا ہے کہ ملک میں ان کے اقتدار کی کشتی ہچکولے کھارہی ہے جبکہ یورپ کے دریا میں ان کی پشت پر کھیون ہار زور زور سے چپو چلائے پانی اڑارہا ہے جس سے غیر متوازن ہوتی کشتی سے ہونے والی رانا ثناء کی گھبراہٹ عیاں ہے ۔

 رانا ثناء اللہ کے مداح نے اس کا جواب دیا ہے کہ جسے جیل کی کال کوٹھڑی‘ سزائے موت کا جرم اور منشیات کا جھوٹا مقدمہ گھبراہٹ میں مبتلا نہ کرسکا کشتی کی مسحور کن سیر انہیں کیونکر پریشان کرسکتی ہے۔ وڈیو اس سریلے بھارتی گانے کے بول کے پس منظر میں عام کی گئی ہے ’’دو لفظوں کی ہے دل کی کہانی یا ہے محبت یا ہے جوانی‘‘ تحریک انصاف سے وابستہ ایک شخص نے رانا صاحب سے دریافت کیا ہے کہ وہ کس کے مہمان ہیں؟ کیا یہ سیاسی امور کی مشاورت ہورہی ہے؟ ایک دل جلے نے کہا کہ رانا صاحب نے ہنی مون کا ماحول بنا رکھا ہے۔ 

ان مخالفانہ تبصروں کے جواب میں ایک طولانی موقف بھی سامنے آیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ رانا ثناء پہلے حکومتی عہدیدار نہیں ہیں جو بیرون ملک ایسے دورے پر گئے ہیں حکومتی منصب ہونے کی وجہ سے انہیں تفریح کے استحقاق سے محروم نہیں کیا جاسکتا‘ اس نے رانا کے مخالفین سے کہا ہے کہ وہ ایسی باتوں پر رونا دھونا بند کریں۔

خود تحریک انصاف کی حکومت میں اسکے وزراء اور مشیر ملک سے باہر کیا کیا گل کھلاتے رہے ہیں یہ کوئی خفیہ بات نہیں۔ وہ ان کاموں میں خزانے کو لٹاتے رہے ہیں‘ رانا ثناء اللہ کے ایک مخالف نے کہا ہے کہ رانا صاحب ایک ٹریپ میں آگئے ہیں جس میں ان کی وڈیو کو پھندا بنایا گیا ہے۔ 

اس کا جواب یوں آیا ہے کہ ایک بھلے مانس شخص کی بے ضرر تفریح کو بھی جرم بنا کر پیش کیا جارہا ہے‘ دوسری طرف اپنوںکے جرائم پر پردہ ڈالنے کے لئے شرق و غرب کے جھوٹ جمع کررہے ہو۔ وڈیو کے پس منظر میں دلفریب گانا امیتابھ بچن اور زینت امان پر فلمایا گیا ہے جس سے دیکھنے والوں نے لطف اٹھایا ہے۔

 سوشل پلیٹ فارمز پر جاری بحث میں ایک ناقد نے کہا کہ ہیٹ اور سوٹ پہن کر کون کشتی میں سیر کرتا ہے اگر کسی بڑے جہاز اور اسٹیمر کا سفر ہو تو بات سمجھ میں آسکتی تھی اس پر جواباً ایک خیرخواہ نے بڑے جذباتی لہجے میں تحریر کیا کہ میاں بیوی تو بڑے پیار سے راج دلارے لگ رہے ہیں اللہ تعالی جوڑی کو سلامت رکھے لگتا ہے کہ رانا اور ان کی اہلیہ کسی استقبالیہ تقریب سے اٹھ کر آئے تھے جہاں سبھی مہمان ایسے ہی لباس میں تھے اور کئی دوسرے مہمان بھی جوڑوں کی شکل میں دوسری کشتیوں میں سیر کا لطف اٹھارہے تھے یہ بھی ہوسکتا ہے کہ میزبان ملک نے اس کا بندوبست کیا ہو۔

 دریں اثناءرانا ثناء اللہ نے ایک انٹرویو میں بتایا ہے کہ وہ اپنے دورے کے اخراجات اپنی جیب سے ادا کررہے ہیں‘ پیرس اولمپکس کی ایک تقریب میں وہ پاکستان کی نمائندگی کے لئے شریک ہونگے۔

اہم خبریں سے مزید