کراچی (اسٹاف رپورٹر) ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد نے کہا ہے کہ بارشوں کے بعد لاہور کی موجود صورتحال کے مقابلے میں کراچی بہت بہتر ہےپاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں محنت اور لگن کے ساتھ کام جاری رکھیں گے، بلدیہ عظمیٰ کراچی کے زیرانتظام تمام شاہراہیںکلیئر ہیں، شہر کے تمام انڈرپاسز اور چاکنگ پوائنٹس پر برساتی پانی موجود نہیں ہے، رین ایمرجنسی کی غرض سے سٹی وارڈنز بھی اہم شاہراہوں پر تعینات کئے گئے ہیں، بلدیہ عظمیٰ کراچی مون سون بارشوں کے چیلنج سے نمٹنے کے لئے تیار ہے، یہ بات انہوں نے بارشوں کے بعد مختلف علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے کہی، ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی، سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ اور واٹر کارپوریشن کی ٹیمیں ہائی الرٹ ہیں،سکشن پمپس اور ضروری مشینری کے ساتھ عملہ سڑکوں پر موجود ہے۔