کراچی (اسٹاف رپورٹر) ملیر ایکسپریس وے کے باعث شاہ فیصل اور ماڈل ٹاؤن کےبرساتی پانی کی نکاسی میں مشکلات، وزیر بلدیات سعید غنی نے شاہ فیصل ٹاؤن اور ماڈل کالونی کے پانی کی نکاسی ملیر ندی کی دوسری جانب جانے کے راستے میں رکاوٹوں پر صوبائی وزیر نے پروجیکٹ ڈائریکٹر نیاز سومرو کو کال کرکے اس کے فوری تدارک کی ہدایات دی۔ ،وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ ہماری بھرپور کوشش ہے کہ کراچی میں مون سون بارشوں کے بعد نکاسی آب کو فوری طور پر یقینی بنایا جائے اور عوام کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے صوبائی وزیر نے کہا 200 سے 300 ملی میٹر اگر بارش ایک ساتھ برس جائے تو پھر کچھ مشکلات ہوسکتی ہیں تاہم ہماری تمام انتظامیہ ہر ممکن طریقے سے نبردآزما ہونے کے لئے تیار ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز 5گھنٹے سے بھی زائد کے ڈسٹرکٹ ایسٹ اور کورنگی کے دورے کے دوران کیا۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی ڈسٹرکٹ ایسٹ کے صدر اقبال ساندھ، گلشن اقبال ٹاؤن کے چیئرمین ڈاکٹر فواد احمد، ڈپٹی کمیشنر ایسٹ شہزاد عباسی، ٹاؤن چیئرمین سہراب گوٹھ لالہ رحیم، ٹائون چیئرمین صفورا ٹاؤن راشد خاصخیلی، صدر پیپلز پارٹی ڈسٹرکٹ کورنگی جانی میمن، سنئیر نائب صدر سراج وحید، جنرل سیکرٹری شرجیل رضوانی، انفارمیشن سیکریٹری احمد رضا، ڈپٹی کمیشنر کورنگی مسعود بھٹو، چیئرمین شاہ فیصل ٹاؤن گوہر خٹک، چیئرمین لانڈھی ٹائون جمیل احمد، چیئرمین کورنگی ٹاؤن محمد نعیم شیخ، یوسی چیئرمین حبیب بھنگر، مرتضٰی میمن و دیگر بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ صوبائی وزیر سعید غنی نے ڈسٹرکٹ ایسٹ کے 3 اور ڈسٹرکٹ کورنگی کے 3 ٹاؤنز کا دورہ کیا اور وہاں بارش کے بعد نکاسی آب کی صورتحال کا جائزہ لیا۔