• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رؤف حسن کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا

فائل فوٹو
فائل فوٹو

انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد نے پی ٹی آئی کے رہنما رؤف حسن کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔

اے ٹی سی جج طاہر عباس سِپرا کی عدالت میں رؤف حسن کے ریمانڈ کی درخواست پر سماعت ہوئی۔

رؤف حسن کو سی ٹی ڈی نے ایک روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر پیش کیا۔

عدالت نے سی ٹی ڈی کی 7 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کر دی۔

دوسری جانب رؤف حسن کی جانب سے درخواست ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست دائر کر دی گئی۔

عدالت نے رؤف حسن کی درخواستِ ضمانت پر 6 اگست کے لیے نوٹسز جاری کر دیے۔

وکیل علی بخاری نے کہا کہ گزشتہ سماعت کے فیصلے پر ایک بات کرنا چاہوں گا، اگر بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات جاننی تھیں تو آن لائن چیک کیا جا سکتا تھا۔

اے ٹی سی جج طاہر عباس سِپرا نے کہا کہ آپ کو فیصلے پر اعتراض ادھر نہیں ہائی کورٹ میں کرنا چاہیے تھا، رؤف حسن کا کال ڈیٹا ریکارڈ، بینک ٹرانسفر یا ملاقات کی تفصیل نکالی ہے؟

سی ٹی ڈی پولیس رؤف حسن کو لے کر اڈیالہ جیل روانہ ہو گئی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد نے پی ٹی آئی کے رہنما رؤف حسن کو ایک دن کے جسمانی ریمانڈ پر سی ٹی ڈی کے حوالے کیا تھا۔

یاد رہے کہ گزشتہ ماہ اسلام آباد پولیس نے پی ٹی آئی سیکریٹریٹ پر چھاپا مار کر احمد وقاص جنجوعہ جبکہ ایف آئی اے نے ریاست مخالف پروپیگنڈے میں ملوث ہونے پر رؤف حسن کو گرفتار کیا تھا۔

قومی خبریں سے مزید