• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دو ججز کا فیصلہ، جواب  ضروری، اٹھائے گئے نکات لیگل فریم ورک پر سوالیہ نشان، وزیر اطلاعات

لاہور( نمائندہ جنگ، ایجنسیاں) وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا ہے مخصوص نشستوں سے متعلق کیس میں سپریم کورٹ کے ججز نے اختلافی نوٹ میں اہم نکتے اٹھائے ہیں جن کا جواب آنا بہت ضروری ہے،2ججز کا اختلافی نوٹ اکثریتی فیصلے پر بڑا سوالیہ نشان ہے، مخصوص نشستیں پی ٹی آئی کو دینے سے آرٹیکل62،63کی خلاف ورزی ہوگی ،فلورکراسنگ قانونی ہوجائے گی، مخصوص نشستوں کا عدالتی فیصلہ آئین کے آرٹیکلز سے باہر جاکر لکھا گیا۔ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ وہ لوگ جو مخصوص نشستوں پر منتخب ہوکر حلف اٹھا چکے ہیں ان کی رکنیت ختم کردی مگر اس رکنیت کو ختم کرنے سے پہلے کے مراحل قانونی طور پر اپنی جگہ موجود ہیں، یہ کیسے ممکن ہے کہ آپ مخصوص نشستوں پر منتخب ہونے والوں کو سیٹوں سے فارغ کردیں مگر حلف لینے سے پہلے کے مراحل کو قانونی طور پر نہیں دیکھا گیا، یہ بڑے اچنبے کی بات ہے۔عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ یہ بہت بڑا سوالیہ نشان ہے کہ سپریم کورٹ کے 2 جج یہ کہہ رہے ہیں کہ آرٹیکل 175 اور 155 میں جو دائرہ کار تفویض کیا گیا ہے کہ اس سے باہر جاکر اکثریت میں فیصلہ دیا ہے اور نا صرف یہ، انہوں نے آرٹیکل 51، 63، 106 کی بات کی ہے کہ یہ آئین کے آرٹیکل کو معطل کرنا پڑیگا اس فیصلے پر عملدرآمد کروانے کیلئے اور حقیقت بھی یہی ہے، یعنی وہ لوگ جو سنی اتحاد کے ممبر ہیں وہ کہہ ہی نہیں رہے کہ ہم نے پارٹی تبدیل کرنی ہے تو کیا وہ فلور کراسنگ ہوگی کہ وہ ایوان میں سنی اتحاد سے اٹھ کے پی ٹی آئی کی صفوں میں بیٹھیں گے؟ کیا یہ آرٹیکل 62-1 ایف اور 63کی خلاف ورزی نہیں ہوگی؟ عطا تارڑ کے مطابق اس پہ آئین واضح ہے، آئین کہتا ہے کہ وہ سیاسی جماعتیں جو پارلیمان میں موجود ہیں ان کو متناسب نمائندگی کے فارمولے کے تحت مخصوص نشستیں دی جائیں گی، کیا سنی اتحاد کونسل کا وجود پارلیمان میں موجود تھا یا نہیں تھا؟ اس کا جواب ہے کہ سنی اتحاد کا وجود پارلیمان میں نہیں تھا کیونکہ ان کے چیئرمین نے بھی آزاد حیثیت سے الیکشن لڑا، جب چیئرمین نے آزاد الیکشن لڑا تو یہ غلطی پی ٹی آئی کے سابقہ ممبرز کی تھی جنہوں اس جماعت میں شمولیت اختیار کی جس کا سیاسی وجود نہیں تھا، وہ چاہتے تو ایم ڈبلیو ایم میں شامل ہوجاتے جس کا وجود موجود تھا۔
اہم خبریں سے مزید