کراچی (ٹی وی رپورٹ)سابق نگراں وفاقی وزیر اورمعروف صنعت کار گوہر اعجاز کا کہنا ہے کہ آئی پی پیزکے معاملے پر بدانتظامی ہے کوئی پوچھنے والا نہیں کہ پلانٹس کیوں33 فیصد پر چل رہے ہیں‘ آئندہ25 سال ہم ان ہی معاہدوں کے یرغمال رہیں گے ‘اس معاملے پر پاکستانی اسٹیبلشمنٹ پریشان ہے کیوں کہ وہ دیکھ رہی ہے کہ معیشت کارکردگی نہیں دکھا رہی 40 افراد بہت طاقتور ہیں فائلیں رکوا دیں۔وزیراعظم شہبا زشریف اور صدر مملکت آصف زرداری سے کہوں گا کہ اس معاملے کو دیکھیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جیو نیوز کے پروگرام ”ایک دن جیو کے ساتھ“میں میزبان سہیل وڑائچ کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کیا۔گوہر اعجاز کا کہناتھاکہ میں نے ایک آیت پڑھی اس کے بعد میری زندگی بدل گئی‘ میں نے کہا کہ آج کے بعد جو ہماری آمدنی ہوگی وہ 50 فیصد ہم اللہ کی راہ میں خرچ کریں گے‘اس کے بعد اللہ میرا ہاتھ پکڑتا چلا گیا مجھے پتہ ہی نہیں چلا کہ پچھلے چھ سال میں میرے ساتھ کیا ہوا۔2018ء میں اس معاملے کو اٹھایا تھا اس وقت اٹھا مگر ایک جگہ پر جاکر رک گیا۔40 افراد بہت طاقتور ہیں فائلیں رکوا دیں، مذاکرات ڈالر کی 148اور اپنا منافع12 فیصد پرصرف16پروجیکٹس کا ہواباقی پروجیکٹس کا نہیں ہوا۔ صنعت اس لئے ترقی نہیں کررہی کیوں کہ ہم انڈسٹری کو انرجی کی قیمت نہیں دیتے۔اس وقت40 لوگ ہیں اور24 کروڑ عوام ہیں ۔ مجھے اللہ تعالیٰ پر یقین ہے کہ وہ میری حفاظت کریگا ‘ میں40لوگوں سے تو نہیں گھبراؤں گا۔33 فیصد پر اس وقت ان کے پلانٹس چل رہے ہیں۔ وہ 33 فیصد پر چلاکر 100فیصد کے پیسے لے رہے ہیں۔ پرائیویٹ سیکٹر36فیصد پر چل رہا ہے اور100 فیصد پر پیسے لے رہا ہے۔مس مینجمنٹ ہے کوئی پوچھنے والا نہیں ہے کہ پلانٹس کیوں33فیصد پر چل رہے ہیں۔اس وقت24 روپے ایوریج پر ہم capacity دے رہے ہیں جو پوری دنیا میں 8 روپے ہوتی ہے۔ تمام صارفین کی16 روپے زائد ادائیگی ہورہی ہے اس کے پیچھے کوئی کام کرنے کو تیا رنہیں ہے۔16 سینٹ پر کوئی صنعت نہیں چل سکتی۔آئندہ25 سال ہم ان ہی معاہدوں کے یرغمال رہیں گے ۔ ان معاہدوں کے بعد تیل میں ، کوئلے میں چوریاں ہیں۔دنیا میں ونڈ پاور دس روپے ہے ہمارے ہاں ونڈ پاور40 روپے ہے۔کوئلے کے کارخانے پوری دنیا میں700ملین ڈالر کے لگے ہیں۔یہاں ڈیڑھ بلین ڈالر میں کوئلے کے کارخانے لگے ہیں۔کمیشن تو پانچ فیصد ہوتا ہے یہ تو 100فیصد اوپر لگے ہوئے ہیں۔