لاہور(خصوصی نمائندہ) وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں اپنی چھت،اپنا گھر پروگرام کے تحت تین ماڈلز کی اصولی منظوری دی گئی۔وزیر اعلیٰ نے پلاٹ پر قرض حاصل کرنے والوں سے سروس چارجز لینے سے بھی روک دیا، وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف 14- اگست کو پروگرام کی لانچنگ کریں گی پروگرام کے پائلٹ پروگرام کے طور پر ماڈل گھر تیار کیے گئے ہیں۔ وزیراعلی نے ماڈل گھروں کے نقشے میں لیونگ روم بھی شامل کرنے اور عوام کی سہولت کے لئے ٹال فری نمبر متعارف کروانے کا حکم دیا ،پی آئی ٹی بی خصوصی پورٹل تیار کرے گا، خواہش مند گھر بیٹھے آن لائن درخواست جمع کراسکیں گے۔ سیکرٹری ہاؤسنگ کیپٹن (ر)اسد اللہ خان نے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ فارم ڈپٹی کمشنر اور اسسٹنٹ کمشنرز کے دفاتر سے حاصل کیے جا سکیں گے۔ ایک تا پانچ مرلہ تک پلاٹ مالکان گھر بنانے کے لئے بلاسود قرضہ حاصل کر سکیں گے ،آسان قسط پر قرضہ ادا کرنے کی سہولت ملے گی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ سرکاری زمین پر گراؤنڈ اور تین منزلہ اپارٹمنٹ کے پروگرام کا پی سی ون منظور،فزیبلٹی سٹڈی جلد ہوگی۔ پرائیویٹ سکیموں میں تین اور پانچ مرلہ کے گھر ”پھاٹا“ کے الاٹیز کو ملیں گے۔ پھاٹا کے الاٹی پرائیویٹ سکیم میں گھر لینے پر پانچ سال میں گھر کے اقساط ادا کریں گے۔