کراچی(اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے یوم شہدائے پولیس کے موقع پر کراچی کےلیے بڑی خوشخبری سنادی۔ انہوں نے بتایا کہ کراچی سیف سٹی پروجیکٹ کیلئے فنڈز جاری کرد ئیے ، سیف سٹی کے پہلے مرحلے کیلئے 3ارب67کروڑ روپے جاری کردیے گئے۔ سیف سٹی پروجیکٹ کے تحت مختلف مقامات پر 1300جدید کیمرے نصب کیے جائیں گے اور صوبے بھر کے 40 ٹول پلازوں پر چہرہ شناس کیمرے اور نمبر پلیٹس کی خودکار شناخت کا نظام بھی نصب کیا جائے گا،۔ وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ سیف سٹی پروجیکٹ کے جدید نظام سے جرائم کی روک تھام میں مدد ملے گی جس سے ملزمان کی گرفتاری کو بھی یقینی بنایا جا سکے گا۔ کراچی کو جرائم سے پاک کرنے اور مجرمان کی سرکوبی کے لیئے اہم اقدامات کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ سندھ پولیس کے جوانوں کی نے اپنا لہو دیکر قیام امن اور قانون کی حکمرانی کو یقینی بنانے میں کردار ادا کیا ہے، ہمیں اپنے شہداء کی جرات،شجاعت اور دلیری پر فخر ہے۔ یہ بات انہوں نے یوم شہدائے پولیس کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ سندھ پولیس کی لازوال قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئےانہوں نے کہا کہ سندھ پولیس کے شہدائوں نے ملکی سلامتی کی خاطر جان قربان کرکے تاریخ میں امر ہوگئے اور پولیس شہداء ہمارے دلوں میں زندہ ہیں اور ہمیشہ رہیں گے۔ وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ پولیس کے شہداء تنہا نہیں، صوبائی حکومت ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت شہدائے پولیس کے ورثاء کے لیئے محکمانہ مراعات کی فراہمی میں انتہائی پرعزم ہے ۔