کراچی(نیوز ڈیسک)فلسطینی وزارت صحت نےگزشتہ روز کہا کہ اسرائیل نے غزہ کی پٹی میں اپنی فوجی کارروائی میں شہید ہونے والے80سے زائد فلسطینیوں کی میتیں واپس کر دیں، جب کہ اسرائیلی فضائی حملوں میں مزید 18افراد شہید ہو گئے۔ غزہ کے شہر خان یونس میں فلسطینی سول ایمرجنسی سروس کے ڈائریکٹر یامین ابو سلیمان نے کہا کہ یہ واضح نہیں ہے کہ آیا یہ لاشیں فوج نے زمینی کارروائی کے دوران قبرستانوں سے کھود کر نکالی تھیں، یا یہ وہ قیدی تھے جنہیں تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور مارا گیا۔یامین ابو سلیمان نے کہا کہ قابض فوج نے ہمیں ناموں، عمروں یا کسی بھی چیز کے بارے میں کوئی معلومات فراہم نہیں کیں۔ یہ ایک جنگی جرم ہے، انسانیت کے خلاف سنگین جرم ہے۔انہوں نے کہا کہ موت کی وجوہات کا تعین کرنے اور ان کی شناخت کی کوشش میں لاشوں کی اسکریننگ اور جانچ کی جائے گی۔