• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بنگلہ دیش کی صورتحال پر گہری نظر ہے، جوزپ بوریل

برسلز (حافظ اُنیب راشد) یورپین خارجہ امور کے سربراہ جوزپ بوریل نے کہا ہے کہ یورپی یونین کی بنگلہ دیش میں رونما ہونے والے واقعات پر گہری نظرہے۔ انہوں نے کہاکہ بنگلہ دیش کے چیف آف آرمی سٹاف جنرل وقار الزمان کے قوم سے خطاب کے بعد یورپی یونین نے پُرسکون رہنے اور تحمل کا مظاہرہ کرنے کا مطالبہ کیا ہے، یورپین خارجہ امور کے سربراہ نے کہا کہ یہ ضروری ہے کہ انسانی حقوق اور جمہوری اصولوں کے مکمل احترام کے ساتھ جمہوری طور پر منتخب حکومت کی طرف منظم اور پرامن منتقلی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہاکہ یورپی یونین حالیہ مظاہروں کے دوران ہونے والے المناک جانی نقصان پر غمزدہ ہے،ہم جنرل وقار الزمان کی طرف سے دی گئی، ان یقین دہانیوں کا نوٹس لیتے ہیں کہ صورتحال پرامن طریقے سے نمٹائی جائے گی اور تمام غیر قانونی قتل کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا احتساب بہت ضروری ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ جن لوگوں کو من مانے طور پر حراست میں لیا گیا ہے انہیں فوری طور پر رہا کیا جائے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ بنگلہ دیش کے عوام کے ایک اہم پارٹنر کے طور پر، یورپی یونین ملک کی خوشحالی اور ترقی کے لیے پُرعزم ہے۔
یورپ سے سے مزید