مانچسٹر (علامہ عظیم جی) آزاد جموں کشمیر کے سابق وزیر چوہدری رخسار احمد نے کہا ہے کہ کشمیر ی عوام بھارت کے ظلم و ستم کے باوجود اپنی آزادی کی جدوجہد اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق جاری رکھے ہوئے ہیں۔ بھارت نے پانچ اگست 2019کو کشمیریوں پر ظلم و ستم کی انتہا کی جسے کشمیری عوام نے صبر اور حوصلے کے ساتھ برداشت کر رہے ہیں۔ چوہدری رخسار احمد نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر میں مسلم لیگ ن ہمیشہ سے ترقیاتی کاموں میں دلچسپی لیتی رہی ہے ،حکومت میں موجود ہوں یا حکومت سے باہر ہم کشمیری عوام کی فلاح و بہبود کیلئے ہمیشہ کوشاں رہتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار برسٹل سے آئے کشمیریوں کے ایک وفد جس کی سربراہی راجہ طاہر محمود کررہے تھے سے ملاقات میں کیا۔ وفد میں راجہ شاہد محمود، عمران محمود، راجہ علی، عبد الرحیم شامل تھے۔ چوہدری رخسار احمد نے کہا کہ پاکستان ترقی کی منازل طے کر رہا ہے اور اس وقت حالات بہتری کی طرف گامزن ہیں، پاکستانی افواج پاکستان کی حفاظت کیلئے سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح کھڑی ہیں، انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی پاکستانی افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ وہ کشمیری عوام کی خدمت کرتے رہیں گے خصوصا اوورسیز میں رہنے والے کشمیریوں کے معاملات کو احسن طریقے سے حل کرانے کے لیے ہمیشہ کوشاں رہے ہیں اور آئندہ بھی کوشاں رہیں گےـ اس موقع پر راجہ طاہر محمود نے کہا کہ کشمیری عوام بھارت سے آزادی حاصل کرنے کیلئے کوشاں رہے ہیں اور آئندہ بھی پرامن طریقے سے اپنی جدوجہد اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق جاری رکھیں گے اور برطانیہ ، یورپ میں آزادی کشمیر کیلئے لابی کرتے رہیں گے۔ چوہدری اخلاق احمد نے کہا کہ برطانیہ اور اوورسیز میں رہنے والے کشمیریوں کے مسائل کو حل کرنے میں چوہدری رخسار احمد نے ہمیشہ بڑھ چڑھ کر کام کیا ہے، انہوں نے کہا کہ مسائل بہت زیادہ ہیں جنھیں حل کرانے کی کوشش کی جائے گی۔