• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کی حکومت اور عوام بنگلہ دیش کے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں، عطاء تارڑ

اسلام آباد(طا ہر خلیل )وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات، قومی ورثہ و ثقافت عطاءاللہ تارڑ نے کہا ہے کہ ایک پارٹی ایوان میں موجود ہی نہیں اسے مخصوص نشستیں کیسے دیجائیں،پاکستان کی حکومت اور عوام بنگلہ دیش کے عوام کیساتھ کھڑے ہیں ۔ بانیچیئرمین پی ٹی آئی شیخ مجیب کو ہیرو مانتے تھے، وہ اپنا موازنہ شیخ مجیب سے کیا کرتے تھے اور کہتے تھے کہ میرے ساتھ وہی ہو رہا ہے جو شیخ مجیب کے ساتھ ہو ا ، شیخ مجیب کا صرف ایک مجسمہ گرنے سے بانی چیئرمین پی ٹی آئی نے اپنا بیانیہ بدل لیا، جو یو ٹرن نہ لے وہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی کہلا ہی نہیں جاسکتا، ان کا کوئی دین ایمان نہیں، پارلیمان بالادست ادارہ ہے، اسے قانون سازی کا اختیار حاصل ہے، فلور کراسنگ کے حوالے سے آئین و قانون واضح ہیں، تحریک انصاف کے آزاد ارکان نے ایسی جماعت میں شمولیت اختیار کی جس کا وجود ہی نہیں تھا، تحریک انصاف کو بن مانگے ریلیف دیا گیا، فیصلے کے باعث جو قانونی سقم اور مسائل پیدا ہوئے، ان کا حل ہونا بہت ضروری ہے۔ بدھ کو اسلام آبادمیں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا فلور کراسنگ کے حوالے سے آئین و قانون واضح ہیں کہ فلور کراسنگ نہیں ہو سکتی، آزاد امیدوار کو تین دن کے اندر کسی پارٹی میں شمولیت اختیار کرنا ہوتی ہے اور اس کے لئے بیان حلفی جمع کرانا پڑتا ہے، کیا بیان حلفی جمع کرانے کے بعد کسی رکن کی پارٹی تبدیل کرائی جا سکتی ہے؟ یہ بہت پیچیدہ صورتحال ہے۔ آئین میں واضح ہے کہ کسی بھی سیاسی جماعت کو متناسب نمائندگی کے فارمولے کے تحت مخصوص نشستیں دی جاتی ہیں،تحریک انصاف کے ارکان ایم ڈبلیو ایم میں شمولیت اختیار کرلیتے تو شاید انہیں مخصوص نشستیں مل جاتیں، انہوں نے کہا کہ پارلیمان بالادست ادارہ ہے، اسے قانون سازی کا اختیار حاصل ہے،عدالت عظمیٰ کے فیصلے کے باعث جو قانونی سقم اور مسائل پیدا ہوئے، ان کا حل بہت ضروری ہے، ہم سمجھتے ہیں کہ قانونی معاملات میں انصاف ہونا چاہئے۔بنگلہ دیش کی صورتحال کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام بنگلہ دیش کے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں، بنگلہ دیش کے لوگوں کے عزم اور حوصلے کو سراہتے ہیں۔

اہم خبریں سے مزید