کراچی(اسٹاف رپورٹر) جیولین تھرو میں گولڈ میڈل جیتنے پر قوم ہیرو ارشد ندیم کوصدر آصف علی زرداری، وزیر اعظم شہباز شریف، آرمی چیف جنرل عاصم منیر، مسلح افواج کے سربراہان ، بلاول بھٹو زرداری،نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر داخلہ محسن نقوی، مریم نواز سمیت چاروں صوبوں کے وزراء اعلیٰ ، آزاد کشمیر کے وزیراعظم ، گلگت بلتستان کے وزیراعلیٰ نےمبارکباد پیش کی ہے ، ان کے کار نامے پر پوری قوم کو فخر ہے.
انہوں نے قوم کا سر بلند کردیا،وہ قوم کے حقیقی ہیرو ہیں، حکومتی اسپورٹس پالیسی کے تحت ارشد ندیم ایک کروڑ روپے کے حقدار بن گئے، مئیر کراچی مرتضی وہاب نے سندھ حکومت کی طرف سے ان کے لئے پانچ کروڑ روپے اور گولڈ میڈل کا اعلان کیا، گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے ارشدندیم کیلئے 20لاکھ روپے کا اعلان کردیا .
وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ رانا ثناء اللہ خان،سندھ کے وزیر کھیل سردار محمد بخش مہر، جماعت اسلامی پاکستان کے امیر حافظ نعیم الرحمٰن ، ایم کیو ایم کے چیئرمین ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی،پاکستان اولمپکس ایسوسی ایشن، پاکستان اسپورٹس بورڈ کے ڈی جی یاسر پیرزادہ،پاکستان کر کٹ بورڈ ،پاکستان ہاکی فیڈریشن کے حکام سمیت کئی اہم شخصیات نےبھی انہیں مبارکباد پیش کی ہے ۔
صدر مملکت آصف علی زرداری کی اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتنے پر ارشد ندیم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ ارشد ندیم کی جیت پوری قوم کی جیت ہے۔
اپنے پیغام میں وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ اولمپک کی 118سالہ تاریخ میں منفرد ریکارڈ قائم کرنے پر ارشد ندیم آپ ڈھیروں مبارکباد کے مستحق ہیں۔وزیراعظم شہبا زشریف نے کہا کہ ’ارشد ندیم نے پوری پاکستانی قوم کو ایک بہت ہی خوبصورت تحفہ دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ارشد ندیم نے انفرادی طور پر گولڈ میڈل حاصل کرنے والے پہلے پاکستانی کھلاڑی بن کر تاریخ میں اپنا نام روشن کیا، اولمپکس میں پاکستان کیلئے شاندار کامیابی ارشد ندیم کی غیرمتزلزل لگن کا نتیجہ ہے۔‘
چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا مزید کہنا تھا کہ اولمپئن ارشد ندیم نوجوانوں کے لئے مشعل راہ ہیں کہ محنت، لگن اور مستقل مزاجی سے منزل کا حصول ممکن ہے۔