• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جسٹس منصور کا مخصوص نشستوں سے متعلق فیصلہ گرمیوں کی تعطیلات کے بعد جاری ہونے کا عندیہ

سپریم کورٹ آف پاکستان کے جج جسٹس منصور علی شاہ نے مخصوص نشستوں سے متعلق فیصلہ گرمیوں کی تعطیلات کے بعد جاری ہونے کا عندیہ دے دیا۔

اسلام آباد میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں جسٹس منصور علی شاہ نے کہا کہ مخصوص نشستوں کا فیصلہ لکھنا شروع کر دیا ہے، ججز چھٹیوں پر ہیں، تعطیلات کے بعد اکثریتی فیصلہ ججز کیساتھ ڈسکس کیا جائے گا۔

صحافی نے سپریم کورٹ کے جج سے سوال کیا کہ ایک جماعت چیف جسٹس کا نوٹیفکیشن جاری کرنے کا مطالبہ کر رہی ہے۔

جسٹس منصور علی شاہ نے کہا کہ میرا اس مطالبے سے کوئی تعلق نہیں، نوٹیفکیشن جب ہونا ہوگا، ہوجائے گا۔

اس پر ایک صحافی نے جسٹس منصور علی شاہ سے استفسار کیا کہ آپ کو چیف جسٹس بننے کی کوئی جلدی تو نہیں؟ اس پر انہوں نے جواب دیا کہ مجھے کوئی جلدی نہیں ہے، جب بھی اس بارے میں نوٹیفکیشن ہونا ہوگا ہوجائے گا۔

صحافی نے سوال کیا کہ کیا قانون میں ترمیم سے عدالتی فیصلہ بدلا جاسکتا ہے؟ اس پر سپریم کورٹ کے جج نے جواب دیا کہ میں اس پر کوئی بات نہیں کروں گا۔

قومی خبریں سے مزید