بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے پیرس اولمپک میں جیولین تھرو کے مقابلے میں سلور میڈل جیتنے والے نیرج چوپڑا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کی والدہ کی طرف سے ارشد ندیم کو بیٹا کہنے پر سراہا۔
انہوں نے چاندی کا تمغہ جیتنے والے بھارتی جیولین تھرور نیرج چوپڑا کو فون پر مبارکباد دی اور مستقبل میں اُن کےلیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
نریندر مودی نے نیرج سے کہا کہ آپ کی والدہ نے ارشد ندیم کو اپنا بیٹا کہا، میں اُس جذبے سے متاثر ہوا ہوں۔
علاوہ ازیں نیرج چوپڑا نے ایک بیان میں کہا تھا کہ ان کی والدہ نے ارشد ندیم کو دل سے بیٹا کہا، ماں گاؤں میں رہتی ہیں، پاکستان اور بھارت کے تعلقات پر سوشل میڈیا اور ٹی وی کی خبروں سے متاثر نہیں ہوتیں۔
بھارتی ایتھیلیٹ نے کہا کہ وہ ایک ماں کا احساس رکھتی ہیں، سادگی سے بولتی ہیں، کچھ لوگوں کو یہ عجیب لگا ہوگا اور کچھ نے اس کو پسند کیا ہوگا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز نیرج چوپڑا اور ارشد ندیم دونوں کی والدہ نے ایک دوسرے کے بچوں کو اپنا بیٹا قرار دیا تھا، سب کو امن، محبت اور سلامتی کا پیغام پہنچایا تھا۔
پیرس اولمپکس میں ریکارڈ ساز پرفارمنس دیتے ہوئے ارشد ندیم نے پاکستان کو 40 سال بعد گولڈ میڈل جتوا دیا، یہ انفرادی مقابلوں میں پاکستان کا پہلا گولڈ میڈل بھی ہے۔