• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دنیا کی کوئی طاقت پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتی، سردار رحیم

کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ فنکشنل سندھ کے سیکریٹری جنرل اور جی ڈی اے کے سیکریٹری اطلاعات سردار عبدالرحیم نے کہا ہے کہ پاکستان قائد اعظم کی محنت، تدبر اورسورھیہ بادشاہ کی بہادری و قربانی ، اور عوام کے جذبہ حریت اور نظریاتی لگاؤ کی بنیاد پر معرض وجود میں آیا اور دنیا کی کوئی طاقت پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتی ، انہوں نے مزید کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہاکہ پاکستان77 سالوں سے سازشوں اور ہر قسم کے بحرانوں کا سامنا کرتا آیا ہے ، لیکن آج یہ ملک مسلمانوں کی پہلی جوہری توانائی رکھنے والی مضبوط فوج سے آراستہ ہے ، پاکستانی دنیا بھر میں باصلاحیت قوم سمجھی جاتی ہے،انھوں نے کہا کہ اب عوام نے تہیہ کر لیا ہے کہ کرپشن کے موذی مرض سے چھٹکارا حاصل کرکے پاکستان کو جدید ، ترقی یافتہ اور اقوام عالم کی صفِ اول کا ملک بنائیں گے، سردار عبدالرحیم نے کہا کہ 14 اگست یومِ آزادی کے سلسلے میں فنکشنل لیگ اور جی ڈی اے کی جانب سے سندھ کے تمام اضلاع ، تحصیل ، اور یونین کونسل کی سطح پر پروگرام کیے جائیں گے،انہوں نے کہا کہ پاکستان کی آزادی کے لیے شہید سورھیہ بادشاہ نے لاکھوں حروں کے ساتھ بے پناہ قربانیاں دے کر اسے حاصل کیا، شہید سورھیہ بادشاہ کی سربراہی میں شروع کی گئی حر تحریک نے انگریز سامراج کو خطے سے بھاگنے پر مجبور کیا ، جس کے بعد پاکستان کو آزادی نصیب ہوئی، لہذاتمام سیاسی جماعتوں اور تمام مکاتبِ فکر کے لوگوں کو مل کر پاکستان کا جشنِ آزادی بھرپور منانا چاہیے، انہوں نے کہا کہ فنکشنل لیگ اور جی ڈی اے کراچی سمیت سندھ بھر کے تمام اضلاع ، تعلقہ ، اور یو سی میں تقریبات منعقد کریں گے اور یوم آزادی کو بھرپور منانے کے لیے سبز ہلالی پرچم اپنے گھروں، دکانوں، گاڑیوں، اور پارٹی کے دفاتر پر لہرائے جائیں گے،سردار عبدالرحیم نے کہا کہ ملک کے دفاع کے لیے دشمن کے خلاف پاکستان کا بچہ بچہ اپنی جانیں قربان کرنے کو تیار ہے۔

ملک بھر سے سے مزید