کراچی (اسد ابن حسن) پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کی انتظامیہ ایک طرف تو حکومت کو پاکستان کے بڑے ایئرپورٹس کی نجکاری کے عمل میں مدد اور سہولت فراہم کر رہی ہے تو دوسری طرف ادارے میں اعلی عہدوں پر بھرتیوں کا عمل بھی جاری ہے اور ساتھ ہی بڑے بڑے ٹھیکے تقویض کیے جا رہے ہیں۔
اتھارٹی نے اسلام آباد ایئرپورٹ اور باچا خان ایئرپورٹ پشاور میں دو بڑے ٹھیکے دینے کے حوالے سے مراسلے جاری کر دیے ہیں۔
پہلا ٹھیکہ ڈیڑھ کروڑ روپے ماہانہ کی مالیت کا ہے جو اسلام آباد ایئرپورٹ کے جنرل، کارگو اور فنکشنری کار پارکنگ ایریا میں اٹومیٹک (خودکار) پارکنگ نظام کی شروعات اور مینٹیننس کے حوالے سے ہے۔
اس معاہدے کی مدت پانچ برس رکھی گئی ہے مگر ساتھ ہی یہ شرط بھی رکھ دی گئی ہے کہ اگر اس سے پہلے ایئرپورٹ کی نجکاری ہو جاتی ہے تو یہ ٹھیکہ منسوخ کر دیا جائیگا۔