نیویارک (تجزیہ، عظیم ایم میاں) امریکا میں ڈیموکریٹس کے نائب صدارتی امیدوار ٹم والز کے پاس ذاتی مکان نہ انوسٹمنٹ ، منی سوٹا کے گورنر کے طور پر ٹم والز کے پاس اربوں ڈالرز کی منظوری کا اختیار پھر بھی کئی پاکستانی ارکان قومی وصوبائی اسمبلی سے بھی زیادہ غریب ہیں ۔ امریکی صدارت کی امیدوار کملا ہیرس کے نائب صدر کے طور پرنامزد کردہ ڈیموکریٹ ٹم والز کے ڈیکلیئر کردہ اثاثوں کی تفصیل سے واضح ہوتا ہے کہ 60؍ سالہ ٹم والز اسکول ٹیچرکے طور پر اپنے کیریئر کے آغاز سے لیکر 12؍ سال تک امریکی کانگریس کے مسلسل منتخب رکن اور 6؍ سال سے ریاست منی سوٹا کے منتخب گورنر رہنے کا ریکارڈ ان کے عوامی جمہوری سیاستدان ضرور ہیں لیکن مالی وسائل کے لحاظ سے وہ متعدد پاکستانی اراکین قومی و صوبائی اسمبلی سے زیادہ غریب ہیں۔اتنے اہم عوامی عہدوں پر اربوں ڈالرز کی منظوری اور ریاستی لاکھوں ایکڑ اراضی اور جنگلات پر اختیارات کے باوجود منی سوٹا کے گورنر آج بھی اپنا کوئی ذاتی مکان نہیں رکھتے بلکہ ریاستی گورنر کے رہائش گاہ کے زیر مرمت ہونے کے باعث فی الوقت کرائے کے مکان میں رہائش پذیر ہیں۔ ریاست منی سوٹا میں ممتاز امریکی کمپنیوں کے ہیڈکوارٹرز بھی ہیں لیکن گورنر ٹم والز کے کسی بھی چھوٹی یا بڑی کمپنی میں نہ کوئی شیئرز ہیں نہ ہی کوئی اسٹاک یا بانڈز میں کوئی انوسٹمنٹ ہے۔ وہ دو لاکھ 25؍ ہزار مربع کلومیٹرز رقبہ کی ریاست کے با اختیار گورنر ہیں کئی لاکھ ایکڑ زمین سرکار کی ملکیت میں ہے لاکھوں ایکڑ زمین ٹیکس کی عدم ادائیگی کی صورت میں ریاست کی تحویل میں ہے۔ جنگلات کا بڑا رقبہ ریاست کی ملکیت میں ہے لیکن اپنے لئے وہ اپنی رہائش گاہ کے لئے زمین کا ٹکڑا بھی الاٹ نہیں کرپائے۔ ان کے بڑھاپے اور ریٹائرمنٹ کا سہارا ان کے پنشن فنڈ میں کی گئی کٹوتیاں اور ریٹائرمنٹ پر ملنے والی رقوم اور مراعات ہیں جبکہ انہوںنے اپنے ریاست کے متوسط طبقے، بوڑھے سینئر شہریوں اور دیگر ضرورت مندوں کے لئے ہائوسنگ کے میدان سے لیکر معاشی اور مالی شعبے میں بڑی مراعات دی ہیں۔ اسکولوں کے طلبہ کیلئے مفت ناشتہ اور لنچ کا نظام بھی رائج ہے۔