• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

190 ملین پاؤنڈ ریفرنس: بانیٔ پی ٹی آئی و بشریٰ بی بی کی نیب بورڈ اجلاس کا ریکارڈ پیش کرنے کی درخواست مسترد

—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

احتساب عدالت نے راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں بانیٔ پی ٹی آئی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کی سماعت 15 اگست تک ملتوی کر دی۔

ریفرنس کی سماعت احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے کی۔

نیب کے پراسیکیوٹر جنرل مظفر عباسی اور امجد پرویز ٹیم کے ہمراہ پیش ہوئے۔

بانیٔ پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے وکلاء بیرسٹر سلمان صفدر، عثمان گل اور ظہیر عباس چوہدری عدالت میں پیش ہوئے۔

بانیٔ پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو کمرۂ عدالت میں پیش کیا گیا۔

دورانِ سماعت 190ملین پاؤنڈ ریفرنس میں نیب کے تفتیشی افسر میاں عمر ندیم پر آج بھی جرح نہ ہو سکی۔

عدالت نے بانیٔ پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی 23 اپریل 2020ء کے نیب بورڈ اجلاس کا ریکارڈ پیش کرنے کی درخواست مسترد کر دی۔

درخواست میں مؤقف اپنایا گیا تھا کہ 23 اپریل 2020ء کو نیب بورڈ نے 190 ملین پاؤنڈ کو کمپلینٹ ویریفکیشن کی سطح پر بند کر دیا تھا۔

بانیٔ پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی نے 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس سے متعلق نئی درخواست دائر کی جو عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد خارج کر دی۔

نیب حکام نے دلائل میں کہا کہ ریفرنس نئے شواہد کی بنیاد پر فائل کیا گیا ہے، 2020ء کی ایگزیکٹیو بورڈ میٹنگ کا تفتیشی کے بیان پر جرح سے کوئی تعلق نہیں۔

قومی خبریں سے مزید