• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یوکرینی فورسز کی روسی علاقے کرسک میں دراندازی، صدر زیلنسکی کی تصدیق

فضا سے لی گئی اس تصویر میں روسی علاقے کرسک میں ایک یوکرینی ٹینک روسی حملے کے بعد موجود ہے(تصویر سوشل میدیا)۔
فضا سے لی گئی اس تصویر میں روسی علاقے کرسک میں ایک یوکرینی ٹینک روسی حملے کے بعد موجود ہے(تصویر سوشل میدیا)۔

یوکرینی فورسز گزشتہ ہفتے سے روس کے سرحدی علاقے کرسک میں دراندازی کر رہی ہیں۔ 

کیف سے خبر ایجنسی کے مطابق امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ یوکرینی صدر زیلنسکی نے بالواسطہ طور پر روس میں یوکرینی فوج کی دراندازی کی تصدیق کی ہے۔ 

امریکی میڈیا کے مطابق زیلنسکی نے بالواسطہ یوکرینی فوج کی کرسک میں کارروائی کو تسلیم کر لیا ہے۔ زیلنسکی نے ہفتے کو جنگ کو جارح کے علاقے میں دھکیلنے کا اعلان کیا ہے۔ 

امریکی میڈیا کے مطابق پہلی بار باقاعدہ یوکرینی اور خصوصی آپریشن یونٹ روسی علاقےکرسک میں داخل ہوئے ہیں۔ 

یوکرینی صدر زیلنسکی نے کہا روس کے علاقے کرسک سے یوکرین کی سرزمین پر ہزاروں حملے مناسب جواب کے مستحق ہیں۔ 

یوکرینی صدر نے کہا کہ صرف کرسک کے اضلاع سے ہمارے علاقے سمی پر تقریباً 2000 حملے کیے گئے ہیں۔ ان حملوں میں سے ہر ایک منصفانہ ردعمل کا مستحق ہے۔ 

ادھر روسی وزارت دفاع نے کہا ہے کہ روس نے اتوار کو کرسک ریجن پر یوکرین کے ڈرون اور میزائل تباہ کیے ہیں۔ 

امریکی میڈیا کے مطابق روسی وزارت دفاع نے کہا یوکرینی فوج روس میں 30 کلومیٹر تک آگے بڑھ چکی ہے۔ 

خبر ایجنسی کے مطابق ہفتے کے روز تک روسی سرحدی علاقوں سے 76,000 سے زیادہ لوگ گھر چھوڑ کر جا چکے ہیں۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید