بنگلادیش کی وزارت داخلہ امور کے مشیر بریگیڈیئر جنرل (ریٹائرڈ) محمد سخاوت حسین کا کہنا ہے کہ سابق وزیراعظم شیخ حسینہ واجد اپنی مرضی سے ملک چھوڑ کر گئی ہیں انہیں کسی کی جانب سے مجبور نہیں کیا گیا۔
ڈھاکا میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سخاوت حسین نے کہا کہ عوامی لیگ کی صدر شیخ حسینہ کو اپنی پارٹی کو نئے چہرے کے ساتھ دوبارہ منظم کرنا چاہیے۔
داخلہ امور کے مشیر نے کہا کہ شیخ حسینہ نے ملک خود چھوڑا تھا انہیں یہاں سے جانے پر مجبور نہیں کیا گیا تھا۔ ہم نے انہیں واپس آنے کی دعوت دی لیکن بدامنی پیدا کرنے سے گریز کرنے کی تنبیہ بھی کی ہے۔
سخاوت حسین نے شیخ حسینہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ ملک میں واپسی کا ارادہ رکھتی ہیں، مگر آپ نے پہلے اسے چھوڑا کیوں تھا؟ ملک آپ نے خود سے چھوڑا تھا، آپ کا یہاں واپس آنا خوش آئند ہے۔
داخلہ امور کے مشیر نے شیخ حسینہ کیلئے یہ بھی کہا کہ براہِ کرم ملک میں کوئی ہنگامہ برپا کرنے سے گریز کریں، اگر ایسا کریں گی تو یہ لوگوں کو مزید مشتعل کرے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں کسی سیاسی جماعت پر پابندی نہیں لگنی چاہیے، ایسی کارروائیاں عام طور پر مخصوص ایجنڈے کی تکمیل کےلیے کی جاتی ہیں۔
جماعت اسلامی پر پابندی سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ’ہم نے ایسا نہیں کیا، اگر یہ معاملہ وزارت قانون کو واپس بھیجا جائے تو وہ فیصلہ کریں گے۔