• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انگلینڈ کے سابق کرکٹر گراہم تھورپ نے خودکشی کی، اہلیہ کا انکشاف


گراہم تھورپ
گراہم تھورپ

انگلینڈ کے سابق کرکٹر گراہم تھورپ کی موت سے متعلق حیران کن انکشاف سامنے آیا ہے، ان کے اہلخانہ کا کہنا ہے کہ گراہم کی موت خودکشی کی وجہ سے ہوئی ہے۔

سابق انگلش کرکٹر گراہم تھورپ نے  4 اگست کو اپنے گھر کے قریب ٹرین کے سامنے آ کر خودکشی کرلی تھی، وہ گزشتہ چند برسوں سے ذہنی دباؤ کا شکار تھے۔

برطانوی ویب سائٹ ڈیلی میل کے مطابق گراہم تھورپ کی اہلیہ امینڈا تھورپ نے بتایا کہ ان کے شوہر نے کئی برس تک ذہنی بیماریوں کا مقابلہ کیا، انہوں نے مئی 2022 میں بھی ایک مرتبہ خودکشی کی کوشش کی تھی، جس کے بعد وہ شدید بیمار ہوگئے تھے، تاہم بعد میں ان کی حالت بہتر ہوگئی تھی، بعدازاں انہوں نے خودکشی کرکے اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا۔

فوٹو: ڈیلی میل
فوٹو: ڈیلی میل

ان کی اہلیہ نے بتایا کہ گراہم نے اپنی زندگی کا خاتمہ اس سوچ کے ساتھ کیا ہے کہ ان کی بیوی اور بچوں کیلئے ان کے بغیر زندگی بہتر ہوگی۔

گراہم تھورپ کی موت کے بعد ان کے اہلخانہ نے ان کی یاد میں ایک فاؤنڈیشن بنانے کا ارادہ ظاہر کیا ہے، جس میں ذہنی صحت کے مسائل سے متعلق آگاہی دی جائے گی۔

یاد رہے کہ گراہم تھورپ نے 1993 سے 2005 تک انگلینڈ کےلیے 100 ٹیسٹ میچز کھیل کر 6744 ٹیسٹ رنز بنائے، جن میں 16 سنچریاں شامل ہیں۔

گراہم تھورپ کا کیریئر بہت ہی شاندار تھا، جس میں انہوں نے انگلینڈ کو متعدد کامیابیاں دلوائیں۔ انہوں نے 1993 کے ایشز ٹور میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور 2001 میں سری لنکا کے خلاف اہم اننگز کھیلیں۔ ان کے کیریئر میں کئی کامیابیاں اور چیلنجز شامل تھے، لیکن ان کی ذاتی زندگی میں مشکلات نے ان کی خوشیوں کو متاثر کیا۔

تھورپ نے کرکٹ کے میدان میں اپنی شاندار خدمات کے بعد 2005 میں ریٹائرمنٹ لے لی تھی، جس کے بعد وہ کوچنگ کے شعبے سے وابستہ ہوگئے تھے۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید