بالی ووڈ انڈسٹری کی نامور اور کئی ہٹ فلمیں لکھنے والی جوڑی سلیم۔جاوید ایک مرتبہ پھر ساتھ کام کرنے کےلیے تیار ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق نغمہ نگار اور کہانی نویس جاوید اختر نے اعلان کیا ہے کہ وہ اور سلیم خان ایک اور فلم ساتھ کریں گے۔
فلم ’اینگری ینگ مین‘ کے ٹریلر لانچ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے جاوید اختر کا کہنا تھا کہ میں نے سلیم خان سے بات کی تھی کہ ایک اور پکچر لکھتے ہیں ساتھ میں۔
اپنی بات جاری رکھتے ہوئے جاوید اختر کا کہنا تھا کہ اس زمانے میں بھی ہم زیادہ قیمت وصول کرتے تھے اور اس زمانے میں تو بہت ہی زیادہ ہوگی، وہ دیکھ لیجیے اب آپ۔
واضح رہے کہ سلیم خان اور جاوید اختر نے ایک ساتھ 24 فلمیں تحریر کیں جن میں سے 22 بلاک بسٹر ثابت ہوئیں۔
ان فلموں میں شعلے، ڈان، زنجیر، یادوں کی بارات، دیوار، ہاتھی میرا ساتھی، سیتا اور گیتا، شامل ہیں۔