• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکمران عیاشیوں سے دستبرداری کیلئے تیار نہیں، حافظ نعیم الرحمان

امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ حکمران اپنی عیاشیوں سے دستبردار ہونے کو تیار نہیں ہیں۔

ملتان میں جلسہ عام سے خطاب میں حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ حکمران طبقہ فری پیٹرول، گاڑیاں اور دیگر مراعات چھوڑنے کو تیار نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ بجلی کے بلوں کا مسئلہ صرف غریب کا نہیں بلکہ سب کا مسئلہ ہے، یہ بل آمدنی سے بھی بڑھ چکے ہیں۔

امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ بجلی کے بل ایک طرف اور دیگر اخراجات دوسری طرف ہیں، حکمرانوں کا عوام میں جانا مشکل ہوچکا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بجلی کے بل عوام پر بم کی طرح گرتے ہیں، ہم نے اس مسئلے پر 14 دن مری روڈ پر دھرنا دیا، جس میں عوام کو آئی پی پیز کی لوٹ مار بتائی۔

حافظ نعیم الرحمان نے یہ بھی کہا کہ بجلی کے بلوں پر ناجائز ٹیکسز لگائے گئے، حکمران عیاشی کریں، یہ نہیں ہوسکتا۔

انہوں نے کہا کہ اس سے پہلے کہ لوگ بپھر جائیں، معاہدے پر مکمل عمل کریں، اب جب لانگ مارچ نکلے گا تو پوری قوت سے نکلے گا۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ لوگ ماضی میں پارٹیوں کے پیچھے چلے ہیں، لوگوں کو اب اعتبار نہیں رہا۔

قومی خبریں سے مزید