• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خاتون ڈاکٹر زیادتی و قتل، بھارتی وزیر کی مظاہرین کو انگلیاں توڑنے کی دھمکی

فوٹو : بھارتی میڈیا
فوٹو : بھارتی میڈیا

کولکتہ کے میڈیکل کالج اور اسپتال میں خاتون ڈاکٹر کے ساتھ زیادتی اور قتل کے بعد احتجاج کرنے والے مظاہرین کو مغربی بنگال کی حکومت دھمکیاں دینے پر اتر آئی۔

مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ ممتا بینرجی کی حکومت کے وزیر نے کولکتہ کے آر جی کار میڈیکل کالج اور اسپتال میں پوسٹ گریجویٹ ٹرینی ڈاکٹر کے ساتھ ہونے والی زیادتی اور قتل کے بعد وزیراعلیٰ پر تنقید کرنے والوں اور ان سے استعفیٰ کا مطالبہ کرنے والوں کو انگلیاں توڑنے کی دھمکی دے دی، جس کے بعد نیا تنازعہ کھڑا ہوگیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ادیان گوہا کا کہنا تھا کہ ’جو لوگ ممتا بینرجی پر حملہ کر رہے ہیں، ان پر انگلیاں اٹھا رہے ہیں، اور ان سے استعفیٰ کا مطالبہ کر رہے ہیں، وہ کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔ جو لوگ ممتا بینرجی پر انگلیاں اٹھائیں گے، ان کی انگلیاں توڑ دی جائیں گی۔‘

مغربی بنگال کے وزیر کی جانب سے دیا گیا یہ بیان سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا، جس کی تصدیق سرکاری خبر رساں ادارے پریس ٹرسٹ آف انڈیا نے بھی کی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ادیان گوہا، جو بنگال کی وزارت ترقیات کے انچارج ہیں، نے 15 اگست کو آر جی کار اسپتال میں ہونے والے تشدد کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’پولیس نے اشتعال انگیزی کے باوجود لاٹھی چارج نہیں کیا۔‘

انہوں نے بنگلادیش کے طلبہ کے احتجاج کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’ہم کبھی بھی مغربی بنگال کو ایک اور بنگلادیش نہیں بننے دیں گے۔‘

ادیان گوہا کے اس بیان پر بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے شدید ردعمل کا  اظہار کرتے ہوئے بنگال کے وزیر کے بیان کو غیر جمہوری اور عوامی حقوق کے خلاف قرار دیا ہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید