پاور ڈویژن نے الیکٹرک گاڑیوں، موٹرسائیکل اور الیکٹرک رکشہ کے فروغ کےلیے اہم قدم اٹھاتے ہوئے ملک بھر میں بیٹری چارجنگ اسٹیشنز کے قیام کے معیار کا مسودہ تیار کرلیا۔
پاور ڈویژن کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا کہ چارجنگ اسٹیشنز کو سستی بجلی فراہم کرنے پر غور ہو رہا ہے۔
وفاقی وزیر اویس لغاری نے کہا ہے کہ چارجنگ اسٹیشنز کا قیام عالمی معیارات کے مطابق عمل میں لایا جائے گا۔ تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد مسودہ جلد پاور ڈویژن سے منظور کروایا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ چارجنگ اسٹیشن کیلئے بجلی کے کنکشنز ترجیجی بنیاد پر دیے جائیں گے جبکہ چارجنگ اسٹیشنز کو سستی بجلی کی فراہمی پر غور کیا جا رہا ہے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ چارجنگ اسٹیشنز کیلئے بجلی کی سپلائی اور وولٹیج کو یقینی بنایا جائے گا۔ اقدامات سے پٹرول پر چلنے والی گاڑیوں کے اخراجات میں خاطر خواہ کمی ہوگی۔
اویس لغاری نے کہ اقدامات کے نفاذ سے پاکستان میں ایک نئے دور کا آغاز ہوگا، چارجنگ بیٹریز کی ٹیسٹنگ کےلیے معیاری ٹیسٹنگ سینٹرز بھی قائم کیے جائیں گے۔