• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کل سے پہلا ٹیسٹ، 4 پیسرز، 6 بیٹرز، پاکستان بنگلہ دیش پر ہلہ بولنے کو تیار

کراچی (اسٹاف رپورٹر) بنگلہ دیش کے خلاف پنڈی ٹیسٹ میں فاسٹ بولر میرحمزہ اور وکٹ کیپر بیٹسمین سرفراز احمد گیارہ رکنی ٹیم میں جگہ بنانے میں ناکام رہے۔ پاکستان چار فاسٹ بولروں شاہین آفریدی،نسیم شاہ ،محمد علی اور خرم شہزاد کے ساتھ ٹائیگرز پر ہلہ بولنے کو تیار ہے ۔ شان مسعود پہلی مرتبہ ہوم سیریز میں ٹیم کی قیادت کریں گے۔ جیسن گلیسپی پہلی بار پاکستان کرکٹ ٹیم کے کوچ ہونگے۔ آل راؤنڈر عامر جمال ان فٹ ہونے کی وجہ سے ٹیم سے باہر ہوگئے۔ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے وہ کھلاڑی جو ٹیسٹ ٹیم کا حصہ تھے ان تمام کھلاڑیوں کو اسکواڈ میں جگہ مل گئی اور سرجری کا دعوی پورا نہ ہوسکا۔ پیر کو پاکستان نے بنگلہ دیش کے خلاف پہلے ٹیسٹ کیلئے 11 رکنی پاکستان کرکٹ ٹیم کا اعلان کردیا۔ شان مسعود کی قیادت میں قومی ٹیم 4 فاسٹ بولر ، 6 بیٹرز کے ساتھ میدان میں اترے گی جب کہ وکٹ کیپنگ کے شعبے میں محمد رضوان کو سرفراز احمد پر ترجیح دی گئی ہے۔ پہلا ٹیسٹ بدھ 21 اگست سے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ پلیئنگ الیون شان مسعود ( کپتان )، سعود شکیل ( نائب کپتان )، عبداللہ شفیق، بابراعظم، خرم شہزاد ، محمد علی، محمد رضوان ( وکٹ کیپر )، نسیم شاہ، صائم ایوب ، سلمان علی آغا اور شاہین شاہ آفریدی پر مشتمل ہے۔ پاکستان نے بنگلہ دیش کے خلاف 13 ٹیسٹ کھیلے ہیں 12 جیتے ہیں ایک ڈرا ہوا ہے۔ آسٹریلیا میں کھیلے گئے آخری ٹیسٹ میں بیٹنگ لائن اپ میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔ جنوری میں سڈنی ٹیسٹ کھیلنے والے سات بیٹرز کو ہی راولپنڈی ٹیسٹ میں منتخب کیا گیا تھا۔ محمدعلی کی 2022 کے بعد پلیئنگ الیون کا حصہ بنے ہیں ۔ وہ اس سے قبل 2022 میں پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ٹیسٹ میچ کھیل چکے ہیں۔ فاسٹ بولر عامرجمال کو پاکستان ٹیسٹ اسکواڈ سے ریلیز کر دیا گیا۔ پی سی بی کے مطابق عامر جمال کمر کی تکلیف سے ری کور کررہے ہیں، عامر جمال کو کمر کی تکلیف کاؤنٹی کرکٹ کے دوران ہوئی تھی۔

اسپورٹس سے مزید