کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈکا کہنا ہے کہ پاکستان میں چیمپئنز ٹرافی پروگرام کے مطابق ہوگی۔ تاریخوں میں تبدیلی کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے نہ اس بارے میں آئی سی سی سے رابطہ کیا ہے۔ پی سی بی میگا ایونٹ کی میزبانی کیلئے پوری طرح پرعزم ہے ۔ اور پہلے ہی انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کو ڈرافٹ شیڈول پیش کر دیا ہے، جس کی مجوزہ تاریخیں 19 فروری سے 9 مارچ 2025 تک ہیں۔ اسٹیڈیمز کی دوبارہ تعمیر اور ڈیزائن کو شیڈول کے مطابق مکمل کیا جائے گا۔ کچھ ڈومیسٹک میچوں کو تعمیراتی کام کی سہولت کے لیے منتقل کرنے کی ضرورت پڑسکتی ہے لیکن یہ کسی بھی طرح سے چیمپئنز ٹرافی سے متعلق نہیں ہے ۔ پی سی بی کا کہنا ہے یہ مایوس کن ہے کہ چیئرمین محسن نقوی کے تبصروں کو غلط طریقے سے پیش کیا گیا ہے ۔