رحیم یار خان کے کچے کے علاقے میں پولیس قافلے پر ڈاکوؤں کے حملے کی صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور شہدا کے لواحقین کے ساتھ اظہار تعزیت کیا ہے۔
رحیم یار خان کے کچے کے علاقے ماچھکہ میں پولیس قافلے پر ڈاکوؤں کے حملے میں 11 اہلکار شہید اور 7 زخمی ہوگئے۔
اپنے بیان میں صدر مملکت نے کچے کے علاقے میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف سخت کارروائی کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اِداروں پر حملے برداشت نہیں کیے جائیں گے۔
صدر مملکت نے واقعہ میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا۔
وزیراعظم نے پولیس اہلکاروں پر ڈاکوؤں کے حملے کی مذمت کی اور پولیس کے جوانوں کی شہادت پر اظہار افسوس کیا۔
وزیراعظم نے شہداء کی بلندی درجات اور ان کے اہلِ خانہ کےلیے صبر جمیل کی دعا کی۔
وزیراعظم نے زخمی ہونے والے اہلکاروں کی جلد صحتیابی کی دعا کرتے ہوئے زخمی پولیس اہلکاروں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی۔
وزیراعظم نے کچے کے علاقے میں حملہ آوروں کے خلاف فوری اور مؤثر کارروائی اور حملے کے ذمہ داران کی نشاندہی کرکے انہیں قرار واقعی سزا دلوانے کی ہدایت کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ پولیس افسران و جوان جان کی پرواہ کیے بغیر جرائم پیشہ افراد کا سد باب کرتے ہیں۔ پوری قوم پولیس کے بہادر اور فرض شناس افسران و جوانوں کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہے۔