• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ بارش زدہ اضلاع کے دورے پر روانہ

وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ ـــ فائل فوٹو
وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ ـــ فائل فوٹو

وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ بارش زدہ اضلاع کے دورے کے دوران ٹھٹہ پہنچ گئے۔

مراد علی شاہ کے ہمراہ صوبائی وزراء ناصر شاہ، سعید غنی اور رکنِ اسمبلی مکیش چاؤلہ بھی موجود تھے۔

روانگی کے دوران اُنہوں نے کراچی میں گھگھر پھاٹک کے قریب سڑک پر جمع پانی دیکھ کر برہمی کا اظہار کیا اور ڈی سی ملیر کو روڈ کلیئر کروانے کی ہدایت دی۔

اس کے بعد وزیرِ اعلیٰ سندھ بارشوں کی صورتِ حال کا جائزہ لینے ٹھٹہ پہنچے اور گھارو میں زیرِ تعمیر 2 پلوں کا معائنہ کیا۔

اُنہوں نے کام جلدی مکمل کرنےکی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پلوں کی تعمیر سے ٹریفک کی روانی میں مسائل ہیں۔

وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ٹھٹہ آؤٹ فال ڈرین کا بھی معائنہ کیا۔

اُنہوں نے سجاول پل پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارت اور بنگلا دیش سے بننے والا سسٹم 2 دن سے سندھ میں برس رہا ہے، سب سے زیادہ بارش تھرپارکر میں ہوئی، کل سےتھرپارکر، سجاول، ٹھٹھہ، عمر کوٹ،  شہید بینظیر آباد کے اضلاع میں زیادہ خطرات ہیں۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ دریا کے دوسری طرف اضلاع کیرتھر رینج، قمبر شہداد کوٹ، لاڑکانہ، جیکب آباد، دادو، جامشورو میں بھی خطرہ ہے اور کراچی شہر میں بھی خطرہ ہے، دریائے سندھ میں بہاؤ تیز ہے، کراچی سےدیکھتا آ رہا ہوں۔ 

اُنہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں میٹنگ کرتا رہا ہوں، ہرضلع میں اپنی کابینہ کے لوگ فوکل پرسن مقرر کیے ہیں، ہرجگہ صورتحال مینج اور انڈر کنٹرول ہے، بدین میں کچھ شکایت ہیں اُنہیں بھی حل کریں گے۔

وزیرِ اعلیٰ سندھ نے کہا کہ کراچی سمیت ہر جگہ صورتحال کنٹرول میں ہے، اتنی بارش ہوگی تو پانی تو آئےگا اور پانی نکلنے میں ٹائم لگتا ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ اس وقت 20 لاکھ گھر بنانے کا پروجیکٹ سب سے تیز چل رہا ہے، پوری دنیا میں اس کی تعریف کی جارہی ہے، ریکارڈ ٹائم میں اس وقت کام ہو رہا ہے، کچے گھر جہاں بھی پورے سندھ میں ہیں ان کو یہ گھر بنا کر دیں گے۔

قومی خبریں سے مزید