• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ کے مختلف شہروں میں بارش کا سلسلہ جاری، پانی گھروں میں داخل

فائل فوٹو
فائل فوٹو

تھرپارکر، بدین، ٹھٹہ، عمرکوٹ، میرپورخاص، ٹنڈوالہیار، سانگھڑ اور حیدرآباد سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔

کئی شہروں میں نشیبی علاقوں اور سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے شہریوں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے۔

میرپورخاص میں دو روز سے جاری بارشوں سے کئی مقامات پر پانی جمع ہے لیکن پانی کی نکاسی کے لیے منگوائے گئے پمپس چار روز سے استعمال میں نہیں لائے جا سکے۔ 

سیٹلائٹ ٹاؤن، پاک کالونی اور لطیف ٹاؤن سمیت کئی علاقوں میں گھروں میں بارش کا پانی داخل ہوگیا ہے، بھان سنگھ آباد، حمید پورہ کالونی اور ملک ریاض کالونی سمیت ملحقہ علاقوں میں بھی پانی گھروں میں داخل ہوگیا۔

ڈی ایچ کیو اسپتال کے مختلف وارڈز اور ایڈمن بلاک میں چھتیں ٹپکنے لگ گئیں، وارڈز میں پانی داخل ہونے سے بیشتر مریض اسپتال چھوڑ کر گھروں کو روانہ ہوگئے ہیں۔

ضلع بدین میں گزشتہ دو روز سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، ہلکی اور تیز بارش سے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہے۔

تھرپارکر، مٹھی، اسلام کوٹ، ننگرپارکر میں ہلکی و تیز بارش وقفے وقفے سے جاری ہے جس سے متعدد علاقے زیرآب ہیں۔

حیدرآباد میں بھی وقفے وقفے سے تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے، نشیبی علاقوں اور سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا ہے اور بجلی کی فراہمی بھی معطل ہے۔

دوسری جانب مون سون کی بارشوں کے باعث سندھ کے مختلف اضلاع کے تعلیمی اداروں میں چھٹیوں کا اعلان کردیا گیا ہے۔

حیدرآباد، بدین، ٹھٹہ اور ٹنڈوالہیار میں آج تعلیمی اداروں میں چھٹی ہوگی، میرپورخاص اور عمرکوٹ میں آج سے دو روز، نوابشاہ اور جامشورو میں تین روز تعلیمی ادارے بند رکھنے کے نوٹی فکیشن جاری کردیے گئے ہیں۔

قومی خبریں سے مزید