بجلی کے مہنگے بلوں سے پریشان شہری تیزی سے شمسی توانائی سے بجلی پیدا کرنے والے سولر پینلز اپنے گھروں میں لگا رہے ہیں۔
یہ پینلز کافی حساس ہوتے ہیں، اگر آپ چاہتے ہیں کہ یہ بہتر کارکردگی پیش کریں، تو ضروری ہے کہ ان کی موسمی اثرات بالخصوص بارش سے حفاظت کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں۔
اگر ہم ان پینلز کی مناسب دیکھ بھال نہیں کریں گے تو مختلف موسمی حالات، خاص طور پر بارش سے انہیں نقصان پہنچنے کا قوی امکان ہے، کیونکہ بارش سولر پینلز کی کارکردگی کو کافی حد تک کم کر سکتی ہے اور اگر مناسب طریقے سے توجہ نہ دی جائے تو خرابی کی صورت میں اس کی مرمت پر کافی اخراجات بھی آ سکتے ہیں۔
یہاں چند ایسے آزمودہ اور موثر طریقے بتائے گئے ہیں جن سے برسات کے موسم میں سولر پینلز کی حفاظت یقینی بنائی جا سکتی ہے۔
گھروں کی چھتوں پر نصب ہونے کی وجہ سے سولر پینلز پر گرد و غبار تیزی سے جمع ہو جاتا ہے اور اگر آس پاس درخت ہوں تو درختوں کے پتے اور پرندوں کی گندگی بھی ان پر کثرت سے جمع ہو سکتی ہے، جو سورج کی روشنی براہِ راست ان پر پڑنے میں رکاوٹ کا سبب بنتی ہے۔
ضروری ہے کہ سولر پینلز کی دیکھ بھال کا خاص خیال رکھا جائے، انہیں باقاعدگی سے کسی نرم برش یا کپڑے سے صاف کریں لیکن یہ بھی خیال رکھیں کہ صفائی کے لیے کسی تیز کیمیکل کا استعمال نہ کریں، کیونکہ کیمیکل سولر پلیٹس کو خراش یا نقصان پہنچا سکتا ہے۔
اس کے برعکس ضدی داغ دھبوں کی صفائی کے لیے ہلکے کلینر کا استعمال کریں اور انہیں کھرچنے سے گریز کریں۔
باقاعدگی سے سولز پینلز کا جائزہ لیں خاص طور سے بارش کے موسم میں تاکہ بروقت خرابی کا پتہ چل سکے، اگر کوئی مسئلہ نظر آئے تو اسے فوری طور پر حل کریں بصورتِ دیگر بھاری نقصان کا سامنا بھی کرنا پڑ سکتا ہے۔
سولر پینلز کی تنصیب کے لیے کسی اچھے ٹیکنیشن کا انتخاب کریں تاکہ وہ اس بات کو یقینی بنائے کہ پینلز کی تنصیب ایسے زاویے اور سمت میں ہو کہ وہ سورج کی روشنی کو زیادہ سے زیادہ جذب کر سکیں اور بارش کے موسم میں پینلز پر پانی جمع نہ ہو۔
اعلیٰ معیار کے ماؤنٹنگ سسٹم کا استعمال کریں تاکہ تیز ہواؤں اور طوفانی بارش کے باوجود پینلز اپنی جگہ سے نہ ہٹیں، نہ ہلیں اور نہ ہی خراب ہوں۔
سولر پینلز کی تنصیب کے وقت اچھی کوالٹی کا میٹریل استعمال کریں، سستے سامان اور ٹیکنیشن سے انسٹالیشن آپ اور آپ کے اہلِ خانہ کے لیے جان لیوا خطرے کا باعث بن سکتی ہے۔
سولر پینلز کے لیے ایسے کورز کا استعمال کریں جو طوفانی بارشوں یا تیز ہواؤں کے دوران ان کی حفاظت کر سکیں اور موسم بہتر ہونے پر آسانی سے واپس اتارے جا سکیں اور اگر علاقے میں بارشیں کثرت سے ہوتی ہیں یا اکثر و بیشتر ہی تیز ہواؤں سے سامنا رہتا ہے تو مستقل بنیاد پر بھی پینلز پر کور لگوائے جا سکتے ہیں۔
ایسے فکسڈ کورز کم لچکدار ہونے کے باوجود بھی مناسب آپشن ہو سکتے ہیں، جو سولر پینلز کو مستقل تحفظ فراہم کرتے ہیں۔
سولر پینلز پر ہائیڈرو فوبک کوٹنگز چڑھوائیں تاکہ پینلز پانی سے محفوظ رہ سکیں، پانی سے کارکردگی کم ہونے کا خدشہ رہتا ہے، یہ کوٹنگز پینلز کو زنگ لگنے سے بھی بچا سکتی ہیں۔
اس کے علاوہ اینٹی ریفلیکٹیو کوٹنگز سے بھی سولر پینلز کی کارکردگی کو بہتر بنا سکتے ہیں، کیونکہ یہ کوٹنگز چمک کو کم کرتی اور روشنی کو زیادہ جذب کرتی ہیں۔