• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ: 24500 ٹیوب ویلز کی سولرائیزیشن کیلئے 1.07 ارب روپے مختص

—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

وزیرِ اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے 24500 ٹیوب ویلز کی سولرائیزیشن کے لیے 1.07 ارب روپے مختص کر دیے۔

یہ بات انہوں نے اپنی زیرِ صدارت ٹیوب ویلز کی سولرائیزیشن پر اجلاس میں بتائی۔

اجلاس میں وزیرِ زراعت محمد بخش مہر، چیف سیکریٹری، چیئرمین پی اینڈ ڈی سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔

اس موقع پر وزیرِ اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بجلی مہنگی ہونے سے چھوٹے کاشت کاروں کو زرعی ٹیوب ویل مہنگے پڑ رہے ہیں، چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا ہے زرعی ترقی کے لیے حکومت اقدامات کرے۔

وزیرِ اعلیٰ سندھ کا کہنا ہے کہ اسکیم بنا کر چھوٹے کاشتکاروں کو سولر ٹیوب ویلز کے لیے قرض دیں گے، ایوریج سولر ٹیوب ویل کی لاگت 20 لاکھ روپے ہے،  ٹیوب ویل کے لیے کتنا قرضہ دیا جائے اس کی وزیرِ توانائی ناصر شاہ سفارش کریں۔

مراد علی شاہ نے ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت کتنا قرضہ دے اور کاشت کار خود کتنا ادا کریں، مکمل منصوبہ دیں۔

وزیرِ اعلیٰ سندھ کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ وفاقی حکومت بھی سولرائیزیشن پروگرام شروع کر رہی ہے۔

اس پر وزیرِ اعلیٰ سندھ نے کہا کہ وفاقی حکومت کے پروگرام کی تفصیلات بھی اگلے اجلاس میں فراہم کی جائیں، زرعی ترقی کے لیے محکمۂ زراعت بھی اپنی سفارشات دیں۔

قومی خبریں سے مزید