اسلام آباد (فاروق اقدس) بنگلہ دیش میں تبدیلیوں اور سفارتی سطح پر اقدامات کا سلسلہ پاکستان تک دراز ہو رہا ہے ،اس حوالے سے بنگلہ دیش کی عبوری حکومت کی جانب سے پاکستان کے ساتھ تعلقات کی ازسرنو تجدید کیلئے آنے والے دنوں میں بعض اہم اقدامات کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق ڈھاکہ نے پاکستان میں اپنے ہائی کمشنر روح العالم کو تبدیل کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے محمد اقبال حسین کو پاکستان میں اپنا نیا ہائی کمشنر نامزد کر دیا جبکہ حکومت پاکستان نے نئے ہائی کمشنر کا ایگریما بھی جاری کردیا ۔ محمد اقبال ڈھاکہ میں فارن سروسز اکیڈمی کے سربراہ ہیں ،ان کا شمار سینئر ڈپلومیٹ اور تجربہ کار سفارتکاروں میں ہوتا ہے۔