• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسحاق ڈار کا بدنام کرنیوالوںکیخلاف قانونی کارروائی کا عندیہ

اسلام آباد (صالح ظافر / اے پی پی) وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے انہیں بدنام کرنے اور ساکھ کو نقصان پہنچانے والوں کیخلاف قانونی کارروائی کا عندیہ دیا ہے اور اسحاق ڈار کے ترجمان کا کہنا ہے کہ جب بھی سینیٹر اسحاق ڈار عوامی عہدے کی ذمہ داریوں سے فارغ ہوئے تو ان تمام لوگوں کے خلاف قانونی کارروائی کرنے پر غور کریں گے جنہوں نے 15 سال تک انہیں ذہنی اذیت میں مبتلا رکھا۔ اےپی پی کے مطابق وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کے ترجمان نے کہا ہے کہ یہ بات باعث تشویش ہے کہ نیب نے 15 سال سینیٹر اسحاق ڈار کے خلاف ایک گمنام شکایت التواءمیں رکھی۔ شکایت پر 2001ءسے جاری کارروائی کے باوجود اسے قانون کے مطابق نمٹایا نہیں گیا بلکہ جان بوجھ کر سیاسی انتقام اور ہراساں کرنے کے لئے استعمال کیا گیا۔ جمعہ کو جاری کردہ ایک بیان میں ترجمان نے کہا کہ اس عرصے میں شکایت میں دیئے گئے جھوٹے الزامات کو ثابت کرنے کے لئے کوئی ٹھوس ثبوت پیش نہ کیا گیا۔ ترجمان نے کہا کہ گمنام شکایات کی کوئی قانونی حیثیت نہیں ہوتی۔ مشرف دور میں اور اس کے بعدا س شکایت کو دانستہ اور بدنیتی کے ساتھ مختلف مواقع پر صرف اور صرف سینیٹر اسحاق ڈار کو بد نام کرنے کے لئے استعمال کیا گیا۔ ترجمان نے کہا کہ یہ حیران کن بات ہے کہ اس شکایت کو کئی مرتبہ نیب کے متعلقہ افسران نے ختم کرنے کی سفارش کی لیکن پھر بھی مذموم مقاصد کے لئے اسے نمٹایا نہیں گیا۔ ترجمان نے مزید کہا کہ سینیٹر محمداسحاق ڈار کے تمام اثاثہ جات قانونی طورپر حاصل کئے گئے ہیں اور ان کی تمام تفصیلات سے ٹیکس حکام اور الیکشن کمیشن حکام کو باقاعدہ آگاہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب کے اس غیر ذمہ دارانہ رویئے سے گزشتہ 15 سالوں میں سینیٹر اسحاق ڈار کی ذاتی اور پیشہ ورانہ ساکھ کو بے حد نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی۔ جب بھی سینیٹر اسحاق ڈار عوامی عہدے کی ذمہ داریوں سے فارغ ہوئے تو ان تمام لوگوں کے خلاف قانونی کارروائی کرنے پر غور کریں گے جنہوں نے 15 سال تک انہیں ذہنی اذیت میں مبتلا رکھا۔
تازہ ترین