• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رواں سال اسلام آباد میں 1446منشیات فروش گرفتار ، بھاری مقدار برآمد

راولپنڈی (سٹاف رپورٹر) اسلام آباد پولیس نے رواں سال کے دوران 1446 منشیات فروش گرفتار کرکے ان کے قبضہ سے 428کلوگرام سے زیادہ ہیروئن، 344 کلوگرام چرس ،30کلو گرام آئس ،258نشہ اور گولیاں اور 11ہزار،920لٹر شراب برآمدکی ۔ڈی آئی جی اسلام آباد سید مصطفی تنویر نے کہا ہے کہ ہمارے نوجوان اکثر و بیشتر معاشرتی ردعمل اور نامناسب رہنمائی کی وجہ سے نشے جیسی لعنت کو اپنا لیتے ہیں۔ ہماری نوجوان نسل منشیات میں مبتلا ہو کر نہ صرف اپنی زندگی تباہ کر رہی ہے بلکہ اپنے ساتھ اپنے خاندان والوں کے لئے بھی اذیت کا سبب بن رہی ہے۔انہوں نےکہا کہ پاکستان میں سرکاری سطح پر اسلام آبا دپولیس سمیت مختلف قانون نافذ کرنے والے ادارے منشیات کے خلاف فعال ہیں۔انہوں نے کہا کہ تمام تعلیمی ادارے زیر تعلیم طلباءکو اس لعنت سے محفوظ بنانے کیلئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ تعاون کریں۔ تعلیمی اداروں کے سربراہان سے گزارش کی کہ وہ منشیات سے نوجوان طلباءکو محفوظ بنانے اور اسکے خطرات سے آگاہ کرنے کیلئے قانون نافذ کرنے والے ادارے کے مختلف ریفریشر کورسز اور آگاہی مہم کا انعقاد کریں تاکہ نوجوانوں نسل میں اس کے خطرات کے متعلق شعور پیدا کیا جاسکے۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اسلام آباد پولیس منشیات کے خاتمہ کے لئے منشیات فروشوں کے نیٹ ورکس کو توڑے گی۔ کسی بھی شرپسند عناصر کو نوجوان نسل کی زندگیوں کو تباہ کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی اور اس گھناؤنے اور مکروہ دھندے میں ملوث عناصر کو ہر صورت قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
اسلام آباد سے مزید