کوئٹہ ( پ ر)جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کے تمام یونٹوں اور تحصیلوں کا نمائندہ اجلاس زیر صدارت ضلعی امیر مولانا عبد الرحمنٰ رفیق ہوا جس میں بڑی تعداد میں یونٹوں کے امراء اور نظماء ، ضلعی سیکرٹری جنرل حاجی بشیر احمد کاکڑ حافظ مسعود احمد سیکرٹری اطلاعات عبدالغنی شہزاد حافظ سراج الدین حاجی ولی محمدبڑیچ حاجی صالح محمد حافظ سردار محمد نورزئی مولانا جمال الدین حقانی مفتی نیک محمد فاروقی اور دیگر نے شرکت کی ۔ اجلاس میں فیصلہ ہوا سینکڑوں گاڑیوں پر مشتمل جے یوآئی ضلع کوئٹہ کا قافلہ 6ستمبر جمعہ 10بجے بلیلی کسٹم سے ضلعی امیر کی قیادت میں روانہ ہوگا، اجلاس میں یونٹوں کے نمائندوں نے7ستمبر کوتحفظ ختم گولڈن جوبلی کانفرنس مینار پاکستان لاہور کی تیاریوں کے حوالے سے اپنی کارکردگی رپورٹ پیش کی اور نظم و ضبط کے حوالے سے تجاویز پیش کیں جس کو حتمی شکل دے دی گئی اور خصوصی احکامات جاری کیے گئے ۔ جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کے امیر مولانا عبد الرحمن رفیق نے خطاب میں کہا کہ جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کے کارکنوں نے ہر تحریک میں قابل فخر کردار ادا کرتے ہوئے مرکزی امیر مولانا فضل الرحمنٰ کے حکم کی تعمیل میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا ہے۔