امریکی شہر ڈیلس میں منعقدہ 3 روزہ اسلامک سوسائٹی آف نارتھ امریکا (ISNA) کا 61 واں سالانہ کنونشن اختتام پزیر ہو گیا۔
اسنا انتظامیہ کے مطابق کنونشن میں 20 ہزار رجسٹرڈ افراد نے شرکت کی، جبکہ رجسٹریشن کی تعداد پوری ہونے کے سبب سینکڑوں افراد اس کنونشن میں شرکت سے محروم رہ گئے۔
کنونشن کے آخری روز بھی مختلف قسم کی سرگرمیاں جاری رہیں جن میں مختلف اہم موضوعات پر ماہرین نے بذریعہ خطاب اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
ماہرین نے سیمینار میں توہینِ مذہب کے قانون کو خلاف شریعت قرار دیا اور اس پر قرآن و حدیث کی روشنی میں دلائل دیے۔
کنونشن میں امریکا میں خواتین اور نوجوانوں کے مسائل، عام زندگی کے دیگر مسائل سے لے کر بین الاقوامی مسائل اور ان کے حل سے متعلق امور کا احاطہ کیا گیا تاکہ آنے والے افراد ماہرین کی عملی صلاحیتوں سے استفادہ کر سکیں۔
کنونشن میں امریکا سے انسانی خدمت کے جذبے سے سرشار ان ڈاکٹروں کو بھی ایوارڈ دیے گئے جنہوں نے غزہ میں اپنی خدمات انجام دیں، ایوارڈ حاصل کرنے والے ڈاکٹروں میں پاکستانی ڈاکٹروں کی ایک بڑی تعداد شامل تھی۔
اس موقع پر ریاست ٹیکساس اسمبلی کے رکن ڈاکٹر سلیمان لالانی نے کہا کہ یہ وقت ہے کہ ہمیں اس بات کا تعین کرنا ہو گا کہ ہم کس طرف ہیں اور تاریخ میں امر ہونے کے لیے درست سمت جانا بہت اہمیت کا حامل ہوتا ہے۔
انہوں نے کمیونٹی کے ڈاکٹروں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا جنہوں نے خدمتِ خلق کے بھرپور جذبے کے تحت غزہ کے ستم رسیدہ افراد کی مدد کرنے کے لیے وہاں جا کر طبی مدد فراہم کی۔
ایورڈ حاصل کرنے والے ایک پاکستانی ڈاکٹر اکرام نے کہا کہ فلسطین کے عوام کو جس کسمپرسی کے عالم میں دیکھا وہ انتہائی تکلیف دہ عمل تھا مگر اس ظلم کے باوجود ان کے چہرے پر غم کے وہ اثٓار نہیں دیکھے، وہ مسکراہٹ جو ان کے چہروں پر تھی وہ کبھی نہیں بھول سکتے۔
ڈاکٹر اکرام کی اہلیہ بینش اکرام نے کہا کہ ہم تمام اہلِ خانہ نے بھی ان کو وہاں جانے پر بھرپور سپورٹ فراہم کی اور ہمیں خوشی ہے کہ ہم غزہ کے ظلم رسیدہ مسلمانوں کی مدد کے لیے اپنا کچھ نہ کچھ حصہ ڈال سکے۔
کنونشن کے آخری روز کھیل و تفریحی پروگرام منعقد کیے گئے اور مشاعرے کا اہتمام بھی کیا گیا، جس میں بھارت اور پاکستان کے شعراء نے کلام پیش کیا۔
پاکستان کے معروف شاعر عباس تابش نے اپنا کلام پیش کر کے بھرپور داد و تحسین سمیٹی جبکہ مشاعرے کی صدارت معروف شاعر نور امروہوی نے کی۔
تقریب میں کشمیر سے بھی شعراء کو مدعو کیا گیا تھا، جن میں ڈاکٹر توقیر گیلانی، شاعر طارق ہاشمی، ایوب فیضان حق، واصف حسین، فرید شیخ، رضوان حسنی، شیخ اعجاز، احمد شاہ غزالی شامل تھے۔
اسنا بازار میں خریداری کے لیے اسٹالز پر بھی بہت زیادہ رش دکھائی دیا، جس میں مرد و خواتین کی بڑی تعداد نے خریداری کی، اسٹالز لگانے والی کمپنیوں نے بھی اس کنونشن سے بھرپور استفادہ کیا۔
اسلامک سوسائٹی آف نارتھ امریکا کے زیرِ اہتمام ڈیلس میں ہونے والا تاریخی کنونشن تھا جس میں ریکارڈ افراد نے شرکت کی اور اسے کامیاب بنایا۔
ڈیلس سے تعلق رکھنے والے اسنا کے سابق صدر اظہر عزیز نے کنونشن کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا اور تاریخ رقم کی۔