پاک پیک کے نیشنل بورڈ ممبر، ڈاکٹر راؤ کامران علی کی رہائش گاہ پر کانگریس کے امیدوار برانڈن گِل کے اعزاز میں ایک پروقار فنڈ ریزنگ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
تقریب میں پاکستانی امریکن کمیونٹی کے اہم رہنماؤں اور مختلف شعبۂ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات نے شرکت کی۔
میزبانی میں ڈاکٹر راؤ کامران علی کے ساتھ ساتھ نامور وکیل صبا احمد اور ممتاز ماہرِ نفسیات ڈاکٹر فرقان رضوی نے بھی کلیدی کردار ادا کیا۔
اس موقع پر کانگریس کے امیدوار برانڈن گل نے کہا کہ پاک امریکا تعلقات بہت اہمیت کے حامل ہیں اور منتخب ہونے کے بعد کوشش ہو گی کہ پاکستان کو امریکا سے ٹریڈ بڑھانے کے مزید مواقع بڑھانے میں مدد کروں۔
انہوں نے امگریشن سمیت دیگر پالیسیوں کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کیا اور کہا کہ سماجی حوالے سے ہمارے اور آپ کے ذہن ایک جیسے ہیں، پاکستانی کمیونٹی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہوں۔
اس موقع پر پاک پیک ڈیلس چیپٹر کی صدر صبا احمد، پاک پیک کے سابق صدر ڈاکٹر ہارون صدیقی اور سیکریٹری ڈاکٹر سید نوید حسین نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
واضح رہے کہ برانڈن گِل جو کہ معروف کنزرویٹیو ریپلکن پارٹی کے امیدوار ہیں اور ٹرمپ کے قریبی ساتھی ڈینیس ڈیسوزا کے داماد بھی ہیں، انہوں نے یہاں ٹیکساس سے اپنے پرائمری الیکشن میں بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کی ہے اور انہیں کانگریس کا ایک مضبوط امیدوار تصور کیا جا رہا ہے جبکہ انتخابی تجزیوں کے مطابق برانڈن گل کی جیت کے امکانات 99 فیصد سے زیادہ ہیں جس کی وجہ سے ان کی حمایت میں مزید اضافہ ہوا ہے۔
تقریب کے دوران کمیونٹی رہنماؤں ڈاکٹر ہاشم مجید، ڈاکٹر عارف جمال، پرویز ملک، یاسین چوہدری، ڈاکٹر اشفاق، ڈاکٹر علی بخاری اور فیصل خان نے بھی اپنے خیالات اظہارِ کیا اور اس بات پر زور دیا کہ ہمیں دونوں سیاسی جماعتوں ریپبلکن اور ڈیموکریٹک پارٹیوں کے ساتھ مضبوط تعلقات قائم کرنے کی ضرورت ہے تاکہ ہماری کمیونٹی کے مسائل مؤثر طریقے سے حل ہو سکیں۔
یہ پاک پیک ڈیلس چیپٹر کا یہ اس سال کا ساتواں بڑا ایونٹ تھا، جس سے قبل گورنر گریگ ایبٹ، جیسمن کراکٹ، جان ہفمین، اور رونی جیکسن جیسے نمایاں سیاسی رہنماؤں کے لیے بھی فنڈ ریزنگ ایونٹس کا انعقاد کیا جا چکا ہے جس سے پاک پیک کی سیاسی اثر پزیری میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔