کراچی (اسٹاف رپورٹر/جنگ نیوز) پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ٹیسٹ میچ ابوظبی میں کھیلے جانے کی باتیں دم توڑنے لگیں ۔ اب تقریباً طے ہوچکا ہے کہ تمام میچز پاکستان میں ہی ہونگے۔ اس سے قبل برطانوی میڈیا نے دعویٰ کیا تھا کہ انگلش کرکٹ ٹیم کے اگلے ماہ دورے پاکستان کا تیسرا ٹیسٹ میچ ابوظبی میں کھیلے جانے کا امکان ہے، لیکن پی سی بی کے چیئرمین نے واضح طور پر کہا ہے کہ سیریز کے تمام میچز پاکستان میں پنڈی اور ملتان میں ہوں گے۔ برطانوی میڈیا کا کہنا تھا کہ پہلا ٹیسٹ پنڈی اور دوسرا ملتان میں کرانے کی تجویز دی گئی ہے۔تاہم چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ انگلینڈ کیخلاف ٹیسٹ سیریز ممکنہ طور پر میچزملتان اور راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے جس پر انگلینڈ اینڈ ویلزکرکٹ بورڈ (ای سی بی) نے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ انگلینڈ کیخلاف سیریز 7 سے 28 اکتوبر تک شیڈول ہے۔دریں اثنا کرکٹ ویب سائٹ نے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کے ترجمان محمد رفیع اللہ کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ سیریز کے تینوں میچز ملتان اور راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے، انگلش کرکٹ بورڈ نے وینیوز پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ قبل ازیں 7 اکتوبر سے شروع ہونے والی انگلینڈ کیخلاف سیریز کیلئے اسٹیڈیمز میں تزئین و آرائش کی وجہ سے ممکنہ طور پر متحدہ عرب امارات (یو اے ای) منتقل کئے جانے کی افواہیں گردش کررہیں تھی۔