• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسٹیج پر خاتون کو للکارنے والا دہشتگردوں اور مجرموں سے ڈرتا ہے: عطاء تارڑ

وفاقی وزیرِ اطلاعات عطاء تارڑ ـــ فائل فوٹو
وفاقی وزیرِ اطلاعات عطاء تارڑ ـــ فائل فوٹو

وفاقی وزیرِ اطلاعات عطاء تارڑ نے علی امین گنڈاپور پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اندر سے کھوکھلے انسان صرف دھمکیاں ہی دے سکتے ہیں۔

عطاء تارڑ نے امیر مقام کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ اسٹیج پر کھڑے ہو کر خاتون کو للکارنے والا دہشت گردوں اور مجرموں سے ڈرتا ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ آپ کو چاہیے تھا قوم کو بتاتے صوبے سے دہشت گردی کا خاتمہ کیسے کیا جائے گا، پی ٹی آئی نے خیبر پختون خوا میں ایک بھی معیاری منصوبہ نہیں بنایا، یہ غیر ملکی ایجنڈا تھا جس کے تحت آئی ایم ایف کو خط لکھا گیا۔

وفاقی وزیرِ اطلاعات نے کہا کہ انقلاب ایسے تو نہیں آتا کہ آپ کہیں کہ راستے بند تھے، جلسے میں لوگ آئے نہیں، راستے کھلے تھے جو روٹ دیا تھا، وہ کھلا تھا، انتظامیہ نے کوئی رکاوٹ نہیں ڈالی لیکن آپ لوگ نہیں لاسکے۔

اُنہوں نے کہا کہ آپ نے ناکام جلسے کا غصہ مریم نواز پر نکال دیا اور پولیس پر پتھراؤ کر دیا۔ 

عطاء تارڑ نے علی امین گنڈاپور کو للکارتے ہوئے کہا کہ آپ جیسے کئی وزیرِ اعلیٰ ڈیل کرتے ہیں، آپ ذرا اٹک پل کراس کر کے دکھائیں، آپ لاہور آئیں، ہم آپ کو دیکھ لیں گے۔

اُنہوں نے کہا کہ خیبر پختون خوا میں کمیشن مافیا سرگرم ہیں اور اندھیر نگری چوپٹ راج جیسا قانون رائج ہے۔ 

وفاقی وزیرِ اطلاعات نے علی امین گنڈاپور سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ آپ ایک صوبے کے وزیرِ اعلیٰ ہیں، سنجیدگی اپنائیں، دہشت گردی کے خلاف عزمِ استحکام کے ویژن کا حصّہ بنیں اور اپنے صوبے میں امن قائم کریں۔

اُنہوں نے کہا کہ اپنے صوبے میں ترقیاتی کام کریں، لوگوں کو صحت و تعلیم کی سہولتیں دیں، جو لوگ آپ کی کرپشن کا حصّہ نہیں بنتے، آپ انہیں عہدوں سے ہٹا دیتے ہیں۔

عطاء تارڑ نے نے یہ بھی کہا کہ پی ٹی آئی فارن فنڈڈ جماعت ہے، جسے گالم گلوچ اور تشدد کے سوا کچھ نہیں آتا۔

قومی خبریں سے مزید