راولپنڈی، اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس (آر آئی یو جے) نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی صحافی برادری بالخصوص خواتین صحافیوں کے خلاف نازیبا زبان کی مذمت کرتے ہیں۔
آر آئی یو جے نے کہا کہ اپنے دور حکومت میں بانی پی ٹی آئی بھی میڈیا پر بلاجواز الزامات اور تنقید کرتے رہے، عمران خان اب جیل میں اسی میڈیا کی تعریف اور میڈیا نمائندوں کی رسائی کی دہائیاں دیتے نظر آتے ہیں۔
بیان میں مزید کہا کہ علی امین گنڈاپور کی صحافیوں بارے گھٹیا زبان سے ثابت ہوا کہ سیاسی ناکامیوں کا ذمے دار میڈیا کو ٹھہرانا پی ٹی آئی کی تربیت کا حصہ ہے۔
اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ اہل قلم کو دھمکیاں دینے والا بہادر وزیراعلی خود دہشت گردوں کو بھتے دے کر زندگی گزار رہا ہے، پی ٹی آئی رہنما کے اس طرز عمل پر جلد ہی آئندہ لائحہ عمل کا اعلان بھی کیا جائے گا۔
راولپنڈی، اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس نے اعلامیے میں کہا کہ صحافی برادری پر الزام تراشی بالخصوص خواتین کے بارے میں نازیبا بیان کو تمام فورمز پر اٹھایا جائے گا۔