• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈونلڈ ٹرمپ اور کملا ہیرس کے درمیان پہلا صدارتی مباحثہ

فوٹو بشکریہ اے بی سی
فوٹو بشکریہ اے بی سی

ریپبلکن صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ اور ڈیموکریٹک امیدوار کملا ہیرس کے درمیان پہلا صدارتی مباحثہ فلاڈیلفیا میں ہوا۔

مباحثے سے قبل ری پبلکن پارٹی کے صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ اور ڈیموکریٹک امیدوار کملا ہیرس نے اسٹیج پر ایک دوسرے کے ساتھ ہاتھ ملایا جبکہ مباحثے میں دونوں نے ایک دوسرے کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔

کملا ہیرس نے کہا کہ ہمیشہ مڈل کلاس طبقے کی بہتری کے لیے آواز اٹھائی، ڈونلڈ ٹرمپ کے دور میں واپس نہیں جانا چاہتے، ان کے دور میں ہر طرف افراتفری تھی،امریکی چاہتے ہیں کہ ملک کو متحد کرنے کی ضرورت ہے، ڈونلڈ ٹرمپ کے پاس کوئی پلان نہیں،امریکی ورک فورس کے سپورٹ کرنے کے لیے ہم نے کام کیا، ٹرمپ دور میں پھیلائے گئے گند کو صاف کیا۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ میرے پاس معیشت سے متعلق پریشان امریکیوں کی مدد کا پلان ہے، ڈونلڈ ٹرمپ نے سول جنگ کے بعد جمہوریت پر بد ترین حملہ کیا، ان کے دور میں ملک میں پبلک ہیلتھ کی حالت صدی کی بدترین تھی، ہم نے جو کیا اور جو کرنا چاہتے ہیں وہ امریکیوں کی امید اور خواہش ہے، ڈونلڈ ٹرمپ اسقاطِ حمل کے بارے میں جھوٹ بول رہے ہیں، ان کی اسقاطِ حمل کی پالیسی امریکی خواتین کی توہین ہے، ٹرمپ نے امریکیوں کو بد ترین بے روزگاری سے دو چار کیا۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے مباحثے میں حصہ لیتے ہوئے کہا کہ گزشتہ چند سال میں امریکیوں کو مہنگائی کا سامنا کرنا پڑا، میرے دور میں متوسط طبقہ خوش حال تھا، بائیڈن اور کملا نے ملک کو تباہ کیا، میرے دورِ حکومت میں افراطِ زر نہیں تھا، ان کے دور میں افراطِ زر سب سے زیادہ ہے، کملا ہیرس نے جو بائیڈن کے معاشی پلان کی کاپی کی،ان کے پاس معیشت کی بہتری کے لیے کوئی پلان نہیں، پروجیکٹ 2025ء سے میرا کوئی تعلق نہیں۔

کملا ہیرس کا کہنا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کو 81 ملین لوگوں نے مسترد کر دیا،انہیں اس عمل سے گزرتے ہوئے مشکل حالات پیش آئے، ایسے شخص کو صدر بنانے کے متحمل نہیں ہو سکتے جو ووٹرز کی رائے پر ڈاکا ڈالنے کی کوشش کرے، ٹرمپ ماضی میں یہ کوشش کر چکے ہیں، میں نے بطور نائب صدر دنیا بھر کے دورے کیے، میں نے جس عالمی رہنما سے بات کی اسے ٹرمپ پر ہنستے ہوئے پایا، میں نے کئی ملٹری لیڈرز سے بات کی جن کی اکثریت کے ساتھ آپ نے کام کیا، وہ لوگ کہتے ہیں کہ یہ عزت کے قابل نہیں۔

ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ان کے بقول چین اور شمالی کوریا خوفزدہ ہیں، روس خوفزدہ تھا، میں نے نارتھ اسٹریم 2 پائپ لائن کو بند کیا، بائیڈن نے پہلے ہی دن نارتھ اسٹریم 2 پائپ لائن کو بحال کیا، انہوں نے ملک میں ایکسل پائپ لائن کو بند کیا، بائیڈن نے روس کو پائپ لائن تعمیر کرنے دی جو پورے یورپ کو جاتی ہے، بائیڈن کی جگہ آج کملا مباحثہ کر رہی ہیں جنہیں کوئی ووٹ نہیں ملا، بائیڈن کو 14 ملین ووٹ ملے تھے، آپ جمہوریت کے لیے خطرے کی بات کرتے ہیں، بائیڈن کملا سے نفرت کرتے ہیں، وہ ان کے ساتھ نہیں ہیں، کملا نے ایک بھی ووٹ لیے بغیر بائیڈن کو باہر کر دیا، کملا پہلی خاتون تھیں جو الیکشن مہم چھوڑ گئی تھیں کیونکہ یہ ناکام ہو گئی تھیں، اب یہ الیکشن لڑ رہی ہیں، میں انہیں نہیں مانتا، روس یوکرین جنگ کا خاتمہ امریکا کے بہترین مفاد میں ہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید