گزشتہ مالی سال کی آخری سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے تحت کراچی سمیت ملک بھر کے صارفین کیلئے فی یونٹ بجلی ایک روپے 74 پیسے مہنگی کر دی گئی، نیپرا نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کے نوٹفیکیشن کے مطابق بجلی اپریل تا جون 2024 کی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں مہنگی کی گئی ہے۔
اعلامیے کے مطابق کراچی سمیت ڈسکوز کے صارفین، ستمبر اکتوبر اور نومبر میں ہر ماہ ایک روپے 74 پیسے فی یونٹ اضافی ادا کریں گے۔ صارفین پر 18 فیصد جی ایس ٹی سمیت 51 ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔
دوسری جانب حکومتِ پنجاب کی جانب سے اسلام آباد کے صارفین کےلیے 14 روپے فی یونٹ ریلیف ختم کر دیا گیا۔
اسلام آباد کے شہری وزیراعلیٰ پنجاب کے بجلی کے بلوں میں دیے گئے ریلیف سے محروم ہو گئے۔ ستمبر میں اسلام آباد کے صارفین 14 روپے فی یونٹ کے ریلیف سے مستفید نہیں ہوسکیں گے، آئیسکو نے تصدیق کر دی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی طرف سے اگست اور ستمبر کیلئے صوبہ پنجاب کیلئے اعلان کردہ 14 روپے فی یونٹ کے ریلیف کا اطلاق اسلام آباد کے صارفین پر بھی کر دیا گیا تھا۔