تنخواہ دار طبقہ ملک میں سب سے زیادہ ٹیکس دینے والا تیسرا بڑا شعبہ بن گیا۔ 24-2023 کے دوران تنخواہ دار طبقے سے 368 ارب ٹیکس وصول کیا گیا۔
فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی دستاویز کے مطابق تنخواہ دار طبقے نے 23-2022 کے مقابل 103 ارب 74 کروڑ زیادہ ٹیکس دیا۔
ایک سال میں تنخواہ دار طبقے سے ٹیکس وصولی میں 39.3 فیصد اضافہ ہوا۔
ایف بی آر کے مطابق کنٹریکٹس، بینک سود اور سیکیورٹیز ٹیکس ادائیگی میں ٹاپ نمبر پر رہے۔ کنٹریکٹس سے 496 ارب ٹیکس جمع ہوا، 106 ارب سے زیادہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
بینکوں کے سود اور سیکیورٹیز کی مد میں 489 ارب روپے ٹیکس وصول ہوا۔ بینکوں، سیکورٹیز کی مد میں سالانہ بنیاد پر 52.8 فیصد اضافہ ہوا۔
ایف بی آر کے مطابق منافع کی تقسیم پر 70 فیصد اضافے کے ساتھ 145 ارب روپے ٹیکس جمع ہوا۔ بجلی کے بلوں پر ٹیکس وصولی میں 30 فیصد اضافہ ہوا، جہاں 124 ارب روپے وصول کیے گئے۔
اسی طرح پراپرٹی کی خریداری پر 104 ارب، فروخت پر 95 ارب روپے ٹیکس جمع ہوا۔ ٹیلی فون بلز پر ٹیکس وصولی میں 14.3 فیصد اضافہ ہوا، یوں یہ تقریباً 100 ارب جمع ہوئے۔
برآمدی شعبے نے 27.2 فیصد اضافے سے صرف 94 ارب ٹیکس دیا جبکہ ٹیکس دینے والے دیگر اہم شعبوں میں ٹیکنیکل فیس، کیش نکلوانے، کمیشن اور ریٹیلرز بھی شامل ہیں۔